چوہدری نثار نے ہمیشہ کسی اورکی زبان استعمال کی جاوید ہاشمی

مریم نے اپنی والدہ کی طرح پارٹی کو بچا لیا، چوہدری نثار بند گلی میں داخل کرنا چاہتے ہیں، سینئر سیاستدان


Numainda Express March 26, 2018
12اکتوبر کو نثار بندوقوں کے سائے سے کس طرح باہرنکلے یہ فن انھیں ہی آتا ہے،پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار نے ہمیشہ کسی اور کی زبان استعمال کی۔

جاوید ہاشمی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ چوہدری نثار کے اختلاف کا پارٹی کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا، امید ہے شہباز ان کا بہتر حل نکالیں گے لیکن یہ حقیقت ہے کہ نثار کے اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات ہیں، میں تو ابھی کسی جماعت میں نہیں ہوں لیکن شریف برادران سے اچھے تعلقات ہیں، چوہدری نثار کا دل سے احترام کرتا ہوں، شہباز شریف وزیر اعلیٰ بنیں یا چوہدری نثار وزیراعظم بنیں مجھے کیا لینا دینا۔

سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ میرے اگر پارٹی سے اختلاف ہوئے تھے تو ان تعلقات کو خراب کرنے میں چوہدری نثار کا ہاتھ تھا، چوہدری نثار نے ہمیشہ کسی اور کی زبان استعمال کی، جب بھی پارٹی پر مشکل وقت آیا نثار یا تو اسپتال پہنچ جاتے ہیں یا پھرگھر میں نظر بند ہوتے ہیں اور میں جیل میں ہوتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ 12اکتوبر کو جب نواز شریف پربندوقیں تان لی گئیں تو نثار بندوقوں کے سائے سے کس طرح باہر نکلے یہ فن انھیں ہی آتا ہے، مریم نواز نے اپنی والدہ کی طرح پارٹی کوبچا لیا، نثارپارٹی کو بند گلی میں داخل کرنا چاہتے ہیں وہ خود کیونکہ وزیر اعظم بننا چاہتے تھے اس لیے انھوں نے شاہد خاقان عباسی کو بھی تسلیم نہیں کیا۔

انھوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ ہمیشہ میچ کیلیے پی ایس ایل کی طرح اپنے کھلاڑی میدان میں لاتی ہے لیکن اب یہ نظام پٹ چکا ہے، جمہوریت جب بھی پنپنے لگتی ہے تو کچھ نادیدہ عناصر اپنی طاقت کے بل بوتے پر ملک کو نہیں چلنے دیتے، جمہوریت کا سفر بے پناہ قربانیاں مانگتا ہے، ذوالفقار بھٹو کے دور میں مجھے برہنہ کر کے برف پر لٹایا گیا، مصطفی کھر کے دور میں گورنر ہاؤس لاہور کے ذریعے 2 لڑکیاں اغوا کی گئیں جس میں موجودہ وزیر اعلیٰ پختونخوا پرویز خٹک بھی ملوث تھے۔

 

مقبول خبریں