اختتامی تقریب ہرملک کا1فرد پرچم لے کر اسٹیڈیم میں داخل ہوگا

آئی او سی چیف روگ’گیمزکلوز‘ہونے کااعلان کرینگے ،مرکزی مشعل بجھادی جائیگی


Sports Desk August 10, 2012
آئی او سی چیف روگ’گیمزکلوز‘ہونے کااعلان کرینگے ،مرکزی مشعل بجھادی جائیگی

اتوار کو رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ہی لندن گیمز تاریخ کا حصہ بن جائیں گے،آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق تقریب میں ہرملک کا صرف ایک فرد قومی پرچم لے کر اسٹیڈیم میں داخل ہوگا، اس کے بعد پوری دنیا سے لندن گیمز میں شرکت کیلیے آنے والے ایتھلیٹس ایک ساتھ اسٹیڈیم میں بغیر رنگ و نسل اور علاقی تقسیم کے داخل ہوں گے،

اسٹیڈیم میں یونان، برطانیہ اور 2016 گیمز کے میزبان برازیل کا جھنڈا لہرایا جائے گا، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر جیکس روگ باقاعدہ طور پر 'گیمز کلوز' ہونے کا اعلان کریں گے جس کے بعد مرکزی مشعل بجھادی جائے گی۔ لندن گیمز کے منتظمین نے افتتاحی تقریب کی طرح اختتامی تقریب کے بارے میں بھی اپنے ہونٹ سی لیے تاہم اس بار بھی کچھ باتیں میڈیا میں آرہی ہیں، ان کی تصدیق نہ ہی تردید کی جا رہی ہے،

البتہ مگر ایک بات یقینی دکھائی دیتی ہے کہ اختتامی تقریب میں پاپ میوزک کا زوردار تڑکا لگایا جائے گا، میوزک ڈائریکٹر آرنلڈ نے کہاکہ تقریب میں بہترین شو پیش کیا جائے گا،انھوں نے معروف پاپ سنگر کیٹ بش کی آمد کی تصدیق سے انکار کردیا، انھوں نے کہا کہ ہم انگلینڈ کے دیہی علاقوں سے لے کر شہری علاقوں تک کی عکاسی کرنے پر توجہ دیے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب میں برطانوی پاپ میوزک کی تاریخ پر روشنی ڈالی جائے گی،

اگرچہ یہ افتتاحی تقریب کے لیول کی نہیں ہوگی مگر پھر بھی اس میں 4 ہزار سے زائد آرٹسٹ پرفارم کریں گے،معروف گلوکاروں میوس اور جارج مائیکل نے بھی تقریب میں پرفارم کرنے کی تصدیق کی ہے،نوجوان انگلش اور آئرش لڑکوں پر مشتمل نئے بینڈ 'ون ڈائریکشن' کو بھی تقریب کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔