ٹی 20 سیریز ٹکٹوں کا حصول جوئے شیر لانے کے مترادف

آج سے کراچی میں کوریئر کمپنی کی برانچز پر لمبی قطاریں لگنے کاامکان


Sports Reporter March 28, 2018
آج سے کراچی میں کوریئر کمپنی کی برانچز پر لمبی قطاریں لگنے کاامکان فوٹو: فائل

YANGON: ویسٹ انڈیز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ٹکٹوں کا حصول بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا آن لائن فراہمی کیلیے محدود تعداد رکھنے کے بعد بورڈ کو اضافہ کرنا پڑابدھ سے کوریئر کمپنی کی برانچز پر لمبی قطاریں لگنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائنل کراچی میں 9سال بعد ہونے والا کوئی ایسا ایونٹ تھا جس میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی جھلک دیکھنے کو ملی،اس لیے غیر معمولی جوش وخروش دیکھنے میں آیا،ٹکٹ حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے لاکھوں اور اسٹیڈیم کی گنجائش ہزاروں میں تھی، اس لیے مسائل بھی سامنے آئے، ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے 3میچز کیلیے بھی صورتحال زیادہ مختلف نظر نہیں آئی.

ذرائع کے مطابق آن لائن ٹکٹ جاری کرنے والی نجی کوریئر کمپنی کو پی سی بی نے انتہائی محدود تعداد میں ٹکٹ فروخت کرنے کا عندیہ دیا تھا مگر بعد میں کوٹہ بڑھا دیا۔امکان یہی ہے کہ بدھ سے کوریئر سروس کی مخصوص شاخوں پر ٹکٹ حاصل کرنے کیلیے طویل انتظار کے بعد قسمت ہی سے ٹکٹ مل سکیں گے، پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی طور پرکمپنی کو 25فیصد ٹکٹ آن لائن فروخت کرنے کی اجازت دی گی تھی لیکن شائقین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے تعداد بڑھا دی گی،جلد ہی ایکسپریس سینٹرز پر بھی ٹکٹ دستیاب ہونگے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری فائنل کے موقع پر ہر کرکٹ شائق کی خواہش تھی کہ وہ میچ دیکھے، پی سی بی کی مقرر کردہ کوریئر کمپنی کی منتخب32 برانچوں پر رکھے گئے ٹکٹ چند گھنٹوں بعد ہی ناپید ہوگئے تھے،32ہزار سے زائد کی گنجائش رکھنے والے اسٹیڈیم کے لیے مجموعی طور پر26ہزار 5 سو ٹکٹ فروخت کیلیے رکھے گئے تھے،25 فیصد ٹکٹس آن لائن جبکہ باقی مقررہ برانچز پر بیچے گئے، جس کو ٹکٹ ملا خود کو فاتح سمجھا،دیگرہاتھ ملتے رہ گئے۔