فرنچ ایکسٹرنل ٹریڈ ایجنسی کے ڈائریکٹر کی کراچی چیمبر آمد

جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاک فرانس تجارتی تعلقات مستحکم ہونگے، ہارون اگر


Business Reporter April 10, 2013
جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاک فرانس تجارتی تعلقات مستحکم ہونگے، ہارون اگر فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ہارون اگر نے کہا ہے کہ پاکستان میں طویل دورانیے سے فرانس ودیگر یورپی ممالک کی سیکڑوں کمپنیوں کے منافع بخش کاروبار سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بلحاظ سرمایہ کاری غیرملکیوں کیلیے پاکستان ایک پرکشش ملک ہے جہاں غیرملکیوں کیلیے مختلف شعبوں میںمزید نئی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

فرانس کے ریجنل ٹریڈ ڈائریکٹر آف دی ایکسٹرنل ٹریڈ ایجنسی فارساؤتھ ایشیا پیری لیگنوٹ کے دورہ کراچی چیمبرکے موقع پر انھوں نے کہا کہ فی الوقت پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت کی مالیت 1.3 ارب ڈالر ہے، دونوں ملکوں کے درمیان 63سال سے مستحکم سیاسی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں، سال 2012 میں پاکستان سے فرانس کے لیے 44 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مالیت کی مختلف مصنوعات برآمد کی گئیں جبکہ پاکستان میں 46 کروڑ80 لاکھ ڈالر مالیت کی فرانسیسی مصنوعات درآمد کی گئیں۔

اگست 2010 میں فرانس اور پاکستان نے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل، اکنامک ڈیولپمنٹ، سیکیورٹی اینڈ میڈیکل ٹریننگ کے حوالے سے ایک جوائنٹ کمیشن بھی تشکیل دیا گیا، اقتصادی وتجارتی شراکت کا جوائنٹ ڈیکلریشن بھی دونوں ملکوں میں طے پایاہے جس کے تحت اقتصادی تعاون کے فروغ، تجارتی اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے کا فریم ورک ترتیب دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے فرانس کی ایجنسی بھی حکومت کی معاونت کر رہی ہے، پاکستان اور فرانس ڈیفنس پروڈکشن سیکٹر میں مزید تعاون کر سکتے ہیں اور فرانس ڈیفنس ٹیکنالوجی پاکستان کو ٹرانسفر کر سکتا ہے، فرانس پاکستان کے ٹیکسٹائل مصنوعات بلخصوص ریڈی میڈ گارمنٹ، بیڈ ویئر اور ہوم ٹیکسٹائل کے لیے ایک پرکشش منڈی ہے، گوکہ پاکستان فرانس کا 65واں نمبر ٹریڈنگ پارٹنر ہے مگر وہ امید کرتے ہیں کہ یورپین یونین میں جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے کے بعددونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات اور تعاون مزید مستحکم ہو ں گے۔



انہوں نے فرینچ ایکسٹرنل ٹریڈ ایجنسی کے توسط سے فرانس کے نمائش کاروں کو کراچی چیمبر کی مائی کراچی نمائش کے انٹرنیشنل پویلین میں شرکت کی دعوت دی جس کا انعقاد جولائی 2013 میں ہوگا۔ پیری لیگنوٹ نے صنعت و تجارت کے فروغ اور پاکستان کے معاشی استحکام میں کراچی چیمبر کے کردار کی تعریف کی اور بتایا کہ وہ فرانس کی ایکسٹرنل ٹریڈ ایجنسی برائے جنوبی ایشیا جس کا صدر دفتر نئی دہلی میں ہے بحیثیت ڈائریکٹر کام کر رہے ہیں۔

فرنچ ٹریڈ کمیشن جنوبی ایشیا میں فرانس کی پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے، ٹریڈ کمیشن فرانس کی کمپنیوں کو علاقائی منڈیوں میں بزنس پارٹنر تلاش کر کے دیتا ہے، کراچی چیمبر دورے کا مقصد بھارت میں کام کرنے والی فرانسیسی کمپنیوں کو کراچی چیمبر سے متعارف کرانا اور دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے درمیان میچ میکنگ ہے۔ ملاقات میں پاکستان فرانس بزنس الائنس کے آفیسر ہدایت حسین کے علاوہ کراچی چیمبر کے سینئر نائب صدر شمیم احمد فرپو اور اراکین منیجنگ کمیٹی نے بھی اظہار خیال کیا۔