چین میں برڈفلو کی وبا سے پولٹری سیکٹر بری طرح متاثر

ہزاروں مرغیاں تلف، کئی شہروں میں مارکیٹس بند، خریدوفروخت پر پابندی لگادی گئی۔


AFP April 10, 2013
ایئرلائنز کے مینو سے مرغی کو نکال دیا گیا، ریسٹورنٹس نے چکن ڈیشز سستی کردیں۔ فوٹو: فائل

چین میں برڈ فلوکی وبا پولٹری سیکٹر کی فروخت کو تباہ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ چینی حکام نے ایک ہفتے پہلے انکشاف کیا تھا کہ ایچ سیون این نائن ایوی این انفلونززا انسانوں میں بھی پایا گیا ہے جس کے بعد سے اب تک برڈ فلو سے ہلاکتیں 8 ہوگئی ہیں اور اس سے 28 افراد متاثر ہوئے ہیں، اگرچہ اس وائرس کے انسانوں میں پائے جانے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی مگر عام طور پر اس کی وجہ پرندوں کو قرار دیا جا ہا رہا ہے تاہم ڈبلیوایچ او نے کہا ہے کہ اس کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

چینی حکام نے عوام کو زندہ پرندوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے تاہم پولٹری اور انڈوں کو اچھی طرح پکا کر کھانے پر محفوظ قرار دیا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق برڈ فلو کے خدشات کے باعث بعض علاقوں میں پولٹری کی فروخت میں کمی ہوئی ہے۔ چین کی نیشنل پولٹری انڈسٹری ایسوسی ایشن کے نائب سیکریٹری جنرل Qiu Baoqin نے کہاکہ برڈ فلو پولٹری سیکٹر کو بری طرح متاثر کر رہا ہے اور اس کے اثرات انتہائی زیادہ ہیں۔



رپورٹ کے مطابق شنگھائی میں مرغی کے گوشت کی فروخت ایک ہفتے میں 50 فیصد سے زائد گرگئی، برڈ فلو کے باعث شہر میں 1 لاکھ10 مرغیاں تلف کردی گئیں، انتظامیہ نے وبا پر قابو پانے کیلیے مارکیٹس بند کر کے زندہ مرغیوں کی خریدوفروخت پر پابندی لگادی ہے، اسی طرح Nanjing اور Suzhou شہروں میں زندہ مرغیوں کی فروخت ممنوع قراردیدی گئی ہے۔

ہنگ زو شہر میں بھی مرغیاں تلف کی گئیں اور60 ہزار سے زائد پرندوں کی ویکسی نیشن کااعلان کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق مقامی ایئرلائنز نے مینو میں سے چکن کو نکال دیا ہے جبکہ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس میں چکن آئٹمز پر قیمتیں 40 فیصد تک کم کردی گئیں ہیں اور فوڈ کے محفوظ ہونے کیلیے اشتہاری مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں انڈونیشیا نے چین سے پولٹری پراڈکٹس کی درآمدات پر پابندی لگادی ہے۔