کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ٹیموں کا گولڈ کوسٹ میں پڑاؤ

ریسلرز 8 اپریل کو آسٹریلیا پہنچیں گے، ہاکی ٹیم کا آج اسکاٹ لینڈ سے پریکٹس میچ۔


Sports Desk April 03, 2018
ایتھلیٹس ولیج میں خیرمقدمی تقریب بھی سجائی جائے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

21ویں کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلیے پاکستان کی ٹیموں نے گولڈ کوسٹ میں قائم ایتھلیٹس ولیج میں پڑائو ڈال دیا۔

21ویں کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلیے پاکستان کی ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ہاکی، باکسنگ، ٹیبل ٹینس، سوئمنگ، اسکواش، شوٹنگ اور ویٹ لفٹنگ کی ٹیموں نے گولڈ کوسٹ میں قائم ایتھلیٹس ولیج میں پڑائو ڈال دیا۔

ریسلنگ کی ٹیم 8 اپریل کو پہنچے گی، پاکستانی دستہ 56 کھلاڑیوں اور21 آفیشلز پر مشتمل ہے، آسٹریلیا پانچویں بار دولت مشترکہ گیمز کی میزبانی کرنے جارہا ہے، اس سے قبل یہاں 1938( سڈنی )، 1962 (پرتھ)، 1982(برسبین) اور2006 ( میلبورن) میں کامن ویلتھ گیمز منعقد ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ان گیمز کا آغاز 1930 میں برٹش گیمز کے نام سے ہوا تھا جسے 1978 میں کامن ویلتھ گیمز کا نام دے دیاگیا تھا، دولت مشترکہ سے وابستہ 6 ممالک آسٹریلیا، کینیڈا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کو اب تک منعقدہ تمام گیمز میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے۔

کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ کی جانب سے ان مقابلوں کو کامیاب بنانے کیلیے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں، گولڈ کوسٹ میں ایتھلیٹ ولیج کو نہایت دلکش رنگ برنگی لائٹوں ، گیمز میں شریک تمام ممالک کے جھنڈوں اور میسکوٹ کے بڑے بڑے ماڈلز سے سجایاگیا ہے۔

گیمز میں شرکت کیلیے آنے والی ٹیموں کی رہنمائی کیلیے برسبین ایئرپورٹ سے ایتھلیٹ ولیج تک 16 برس کے نوجوانوں سے لیکر 80 سال کے مردو خواتین رضاکار شب و روز خدمات انجام دے رہے ہیں، گیمز میں شریک ٹیموں کو خوش آمدید کہنے کیلیے خیرمقدمی تقریب منگل 3 اپریل کو شام 4 بجے ایتھلیٹ ولیج میں منعقد ہوگی۔

دریں اثنا پاکستان ہاکی ٹیم وارم اپ میچ میں منگل کو اسکاٹ لینڈ کیخلاف مقامی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے 12 بجے گولڈ کوسٹ ہاکی سینٹر میں نبرد آزما ہوگی، باکسنگ ٹیم ایشمور، بیڈمنٹن ٹیم کریر اسپورٹس سینٹر ارینا ، شوٹنگ ٹیم بیلمونٹ شوٹنگ سینٹر، اسکواش ٹیم اوکسن فورڈ اسٹوڈیو، سوئمنگ ٹیم اوپٹس ایکواٹک سینٹر میں پریکٹس کریں گی۔

ادھر ویٹ لفٹنگ کے کھلاڑی گولڈ ٹرسٹ کلب میں صلاحیتوں کو نکھاریں گے، ٹیبل ٹینس ٹیم اوکسن فورڈ اسٹوڈیوجبکہ ایتھلیٹکس کے پلیئر گیمز ولیج میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔

 

مقبول خبریں