بلوچستان میں دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں

چھپے ہوئے بزدل دہشتگرد کبھی کبھی چھپ کر نہتے اور معصوم عوام پر وارکرکے فرار ہو جاتے ہیں۔


Editorial April 04, 2018
چھپے ہوئے بزدل دہشتگرد کبھی کبھی چھپ کر نہتے اور معصوم عوام پر وارکرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ فوٹو:فائل

بلوچستان میں ایک بار دہشتگردی کی نئی لہر آئی ہے، فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت نو افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ پہلا افسوسناک سانحہ اس وقت پیش آیا جب پانچ افراد ایک رکشے میں سوار ہوکر جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد مارے گئے، ہلاک ہونے والے تین افراد کا تعلق لاہور سے تھا۔

پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ جب سے بلوچستان میں قدرتی ذخائر دریافت ہوئے اورگوادرکی بندرگاہ اور سی پیک کے منصوبوں کا آغاز ہوا ہے تو پڑوسی ملک نے اپنی سازشوں کے ایسے جال بچھائے ہیں اور اپنی خفیہ ایجنسیوںکے اہلکاروں کو بدامنی پھیلانے کا ٹاسک سونپا ہوا ہے، بھارتی ایجنٹ اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں جب کہ کچھ مقامی شرپسند عناصر کو بھی اپنے ساتھ ملا کر بلوچستان میں ایسی بزدلانہ کارروائیاں کرتے ہیں جس سے یہ تاثر ابھرے کہ یہاں بیرونی سرمایہ کاری محفوظ نہیں ہے۔

دوسرے واقعے میں کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی میں ایک قبیلے کے دوگروپوں میں معمولی تکرار پر فائرنگ کے نتیجے میں لیویز اہلکار سمیت پانچ افراد جاں بحق جب کہ بارہ افراد زخمی ہوئے، جب کہ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے شر پسند عناصر کی جانب سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔

یہ اسلحے کا ذخیرہ ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے غازی نالہ میں زیر زمین اور غارکے اندر چھپایا گیا تھا۔ بلوچستان کے حالات پہلے کی نسبت زیادہ پر امن اور بہتر ہیں لیکن چھپے ہوئے بزدل دہشتگرد کبھی کبھی چھپ کر نہتے اور معصوم عوام پر وارکرکے فرار ہو جاتے ہیں ان کا مقصد خوف وہراس پیدا کرنا ہوتا ہے۔

بلوچستان رقبے کے لحاظ سب سے بڑا اور قدرتی ذخائر سے مالا مال صوبہ ہے، سی پیک منصوبہ بھی اپنے اندر ایک وسعت اورگہرائی رکھتا ہے۔ اب یہ وفاقی وصوبائی حکومتوں پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بلوچستان کے مظلوم، محکوم اور پسماندہ غریب عوام تک پہنچائیں، سب سے پہلے انھیں ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے اور دیگر بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی کی جائے، تاکہ ان کا احساس محرومی ختم ہو سکے۔ یقیناً ہماری سیکیورٹی فورسز امن کی بحالی میں کامیابی حاصل کریں گے اور دشمن کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں