اسرائیلی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی نوجوان شہید

صیہونی فوجی غیر مسلح فلسطینیوں کو گولی مارنے سے انکار کر دیں، انسانی حقوق تنظیم


News Agencies April 06, 2018
تشدد کی آزادانہ تحقیقات کی جائے، عرب لیگ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

غزہ میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہری شہید ہوگیا۔

اسرائیلی اور غزہ سرحد پر مظاہروں کے دوران ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی تعداد21 ہو گئی ہے۔ توقع ہے کہ احتجاجی مظاہروں کا نیا سلسلہ آج سے دوبارہ شروع ہو گا جس کے بعد خدشات ہیں کہ اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ آج مظاہروں میں دوبارہ ہزاروں فلسطینی شہریوں کی شرکت کا امکان ہے۔


علاوہ ازیں حماس کی جانب سے گزشتہ ہفتے ہونے والے بڑے اجتماع میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے۔ شہید ہونے والے نوجوان کا نام مجاہد الخوداری ہے اور اس کی عمر 23 سال ہے۔


دوسری طرف اسرائیل میں انسانی حقوق کی تنظیم نے ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس میں اس نے اسرائیلی فوجیوں سے کہا ہے کہ وہ غیر مسلح فلسطینیوں کو گولی مارنے سے انکار کر دیں۔ یہ مہم اسرائیل کی انسانی حقوق کی تنظیم بی ٹسلیم نامی غیر سرکاری تنظیم نے شروع کی ہے۔


اس مہم کے دوران تنظیم نے اسرائیلی اخبارات میں اشتہارات بھی شائع کیے ہیں جس کے بعد اسرائیل کے پبلک سکیورٹی کے وزیر نے اس گروپ سے بغاوت پر اکسانے کی تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔ حماس نے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے اہل خانہ کو 3 ہزار ڈالر معاوضے کی ادائیگی کی پیشکش کی ہے۔


عرب لیگ نے کہا ہے کہ عالمی عدالت غز ہ میں تشد کی آزاد تحقیقات کرائے۔ اسرائیلی وزیردفاع نے کہا کہ غزہ سرحد پر فائر کھولنے کے قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی۔ اسرائیلی پولیس کی ہمراہی میں 381 متعصب یہودیوں نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں