نئی کاروں کی فروخت میں گزشتہ ماہ 6 فیصد اضافہ

مارچ میں 13 ہزار 344 کاریں بیچی گئیں، ایل سی ویز کی فروخت 37 فیصد بڑھی۔


Business Reporter April 11, 2013
گزشتہ 9 ماہ میں 25 فیصد کمی سے 96 ہزار 326 کاریں، لائٹ کمرشل وہیکلز اور جیپیں بکیں۔ فوٹو: فائل

الیکشن کی آمد سے قبل ملک میں تیار کردہ نئی کاروں کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مارچ 2013 کے دوران مقامی سطح پر تیار کردہ کاروں کی فروخت 6 فیصد اضافے سے 13 ہزار 344 یونٹس رہی جبکہ فروری کے مہینے میں 12 ہزار 628 کاریں فروخت کی گئی تھیں۔ آٹو انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق آلٹو اور کورے کاروں کی تیاری بند ہونے اور پنجاب ٹیکسی اسکیم مکمل ہونے کے بعد مقامی سطح پر تیار شدہ کاروں کی فروخت میں کمی کا رجحان تھا تاہم مارچ 2013 کے دوران الیکشن سے قبل کاروں کی خریداری میں اضافہ دیکھا گیا۔

مقامی سطح پر تیار شدہ کاروں کی فروخت بڑھانے میں استعمال شدہ کاروں کی درآمد کے لیے عمر کی حد اور فرسودگی الاؤنس میں کمی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔



انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے مہینے میں لائٹ کمرشل وہیکلز (ایل سی ویز) کی فروخت 37 فیصد اضافے سے 1763 یونٹس رہی جبکہ پسنجر کاروں کی فروخت 2 فیصد اضافے سے 11 ہزار 581 یونٹس رہی، رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی تامارچ) کے دوران کاروں، لائٹ کمرشل وہیکلز اور جیپ کی مجموعی فروخت گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں25 فیصد کمی سے 96 ہزار 326 یونٹس رہی۔