الیکشن کمیشن بیلٹ پیپر میں خالی خانہ کا اضافہ کرے

سپریم کورٹ ورکرز پارٹی کیس میں فیصلہ دے چکی،الیکشن کمیشن عملدرآمد کا پابند ہے


Staff Reporter April 11, 2013
سپریم کورٹ ورکرز پارٹی کیس میں فیصلہ دے چکی،الیکشن کمیشن عملدرآمد کا پابند ہے فوٹو فائل

KARACHI: عوامی ورکرز پارٹی کے سینئر رہنمائوں یوسف مستی خان،اختر حسین ایڈووکیٹ اور عثمان بلوچ(صدر سندھ عوامی ورکرز پارٹی) نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان،ریاست کے تمام اداروں کی طرح سپریم کورٹ آف پاکستان کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہے۔

خاص کر موجودہ انتخابات میں بیلٹ پیپر میں نئے کالم کے حوالے سے جس میں ایک خانہ خالی ہو اور جس پر ووٹر مہر لگا کر اپنی رائے کا اظہار کر سکتا ہے کہ وہ (NOTA) یعنی اوپر دیے ہوئے کسی امیدوار کے حق میں ووٹ نہیں دینا چاہتا جیسا کہ سپریم کورٹ نے ورکرز پارٹی کے کیس میں فیصلہ دیا ہے۔عوامی ورکرز پارٹی کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ یہ نیا کالم انتحابی امیدوار یا سیاسی پارٹی پر کوئی پابندی نہیں لگاتا بلکہ یہ ووٹر کے حق رائے دہی کو وسعت دیتا ہے تاکہ وہ اگر موجودہ امیدواروں کو پسند نہیں بھی کرتا تو بھی اپنی رائے کا اظہار کرنے کے لیے حق کو استعمال کرے۔



انھوں نے کہا کہ جب ورکرز پارٹی کا کیس سپریم کورٹ میں سنا جارہا تھا تو اس وقت تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندے موجود تھے اس وقت انھوں نے کسی قسم کااعتراض نہیںکیا تھا۔مگر اب بڑی سیاسی پارٹیاں اورStatus quo قائم رکھنے کا ذہن اپنے گروہی و طبقاتی مفادات کے لیے لوگوں کو اپنی مثبت رائے دینے سے محروم کر دینا چاہتا ہے اور خوف زدہ ہے کہ عوام انھیں رد نہ کردیں کیونکہ عوام استحصالی طبقوں اور ان کی سیاسی پارٹیوں سے بیزار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس کالم کی شمولیت سے عوام کا جمہوریت اور جمہوری اداروں پر اعتماد بڑھے گا۔عوامی ورکرز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ اس کالم کی شمولیت سے زیادہ سے زیادہ لوگ انتخابی عمل میں متحرک ہوں گے اور اگر 51 فیصد ووٹرز نے''نہ'' کے کالم میں ووٹ دیا تو اس حلقے میں دوبارہ یعنی ضمنی انتخاب ہوگا اور بہتر امیدوار آسکتے ہیں۔ عوامی ورکرز پارٹی کے رہنمائوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ فوراً احکام جاری کریں۔اس خانے کو بیلٹ پیپر میں شامل کریں اور موجودہ عبوری حکومت کو بھی حکم جاری کریں کہ فوری قانونی اقدامات کرے اسی سے ان کی غیر جانبداری بھی ثابت ہوگی۔