تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن میں تمام برائیاں تھیںعظمیٰ بخاری

پی پی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست میں اقربا پروری نظر نہیں آئیگی،یاسمین رحمن


Monitoring Desk April 11, 2013
ہمارا منشور ن لیگ نے اپنالیا،کشمالہ طارق،اسد عمر کی ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن کی بنیاد پارٹیوں کی کارکردگی ہو گی۔

جس نے جو بویا ہے وہ کاٹے گا، الیکشن میں جتنی برائیاں ہوتی ہیں وہ تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن میں دکھائی دیں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹو دی پوائنٹ کے میزبان شاہ زیب خان زادہ سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔

ان کے مقابلے میں کوئی نوجوان الیکشن لڑتا تو ہم مانتے کہ بہت اچھے الیکشن ہوئے ہیں، جنوبی ایشیا میں پارٹیاں شخصیات کے گرد گھومتی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما یاسمین رحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست اٹھا کر دیکھیں ان میں آپ کو کسی کی بہن یا بیٹی نظر نہیں آئے گی۔



صدر پاکستان کی بہنوں کے نام تو پچھلے انتخابات میںبھی تھے۔ مسلم لیگ ق کے فارورڈ بلاک کی رہنما کشمالہ طارق نے کہا کہ امن و امان ہو، دہشت گردی ہو یا کوئی اور بڑا مسئلہ ان کو ٹھیک کرنا سب پارٹیوں کی ذمے داری تھی کیونکہ تمام پارٹیان کسی نہ کسی صورت اقتدار میں تھیں، ہم نے بہت اچھا منشور بنایا تھا جسے مسلم لیگ ن نے اپنالیا ہے، تحریک انصاف کو یہ کریڈٹ تو جاتا ہے کہ انھوں نے پارٹی الیکشن کرائے ، تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ پچھلے 5 سال میں وفاق اور پنجاب دونوں کی کارکردگی بدترین رہی، اگر وفاق کی شرح نمو 3 فیصد تھی تو پنجاب کی 2.5 تھی۔