نواز شریف کے نزدیک جو ووٹ انہیں نہ ملے ان کا تقدس نہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان

بطور سیاستدان میرے سینے میں کئی راز تھے جو قوم کی امانت ہے، چوہدری شجاعت


Numainda Express April 11, 2018
بطور سیاستدان میرے سینے میں کئی راز تھے جو قوم کی امانت ہے، چوہدری شجاعت فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اگر ووٹ دیں تو پھر اس کا تقدس ہو گا ورنہ ووٹ کی عزت نہیں۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا سینیٹ چیئرمین جمہوری طریقے کار سے منتخب ہوئے، وزیراعظم عباسی اور میاں نواز شریف ان کو تسلیم اور عزت نہیں دے رہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ میاں نواز شریف جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو ان کی گردن میں سریا آ جاتا ہے، انھیں اپنے وزرا اور ورکرز تک کی پہچان نہیں رہتی، نہ ہی یہ کسی کو عزت دینا جانتے ہیں۔

عبالقدوس بزنجو منگل کو لاہور میں سابق نگراں وزیراعظم چوہدری شجاعت کی کتاب ''سچ تو یہ ہے'' کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے عوام عزت کے بھوکے ہیں اور یہ عزت چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی دینا جانتے ہیں، میں جہاں بھی رہوں میں ان کے ورکرر کے طور پر کام کرتا رہوں گا، مجھے جو عزت دی گئی ان کا لفظوں میں شکریہ ادا کرنا مشکل ہو گا۔

مجھے وزیراعلی بلوچستان بنانے اور سینیٹ چیئرمین کے لیے ہمارا امیدوار جتوانے میں چوہدری شجاعت، آصف زرداری، عمران خان کا اہم کردار ہے، اگر نواز شریف کو ملکی مفاد عزیز ہوتا تو وہ خود کو مائنس کر کے چھوٹے صوبوں کی قیادت کو آگے لاتے۔ تقریب کے آغاز میں مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بطور سیاستدان میرے سینے میں کئی راز تھے جو قوم کی امانت ہے، جو کچھ اپنی زندگی میں دیکھا اور سمجھا انکو لفظوں میں بیان کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ سند رہے۔

عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید نے کہا کہ میں آج جس جگہ کھڑا ہوں اس میں چوہدری ظہورالٰہی اور شجاعت حسین کا بڑا کردار ہے، صحافی حامد میر نے کہا چوہدری شجاعت حسین نے جس جرات اور بہادری سے یہ کتاب لکھ دی وہ قابل تعریف ہے۔ چوہدری برادارن سے کئی مرتبہ بیوفائی ہوئی لیکن سیاستدان ثابت قدم ہوتا ہے لہذا یہ ہر بار اپنے سیاسی قد کو بڑھاتے رہے اور سرپرائز دیتے رہے۔

ایاز میر نے کہا کہ کتاب دلچسپ ہے اس کو سیاستدان لازمی پڑھیں۔ اوریا مقبول جان نے کہا کہ70سالہ تاریخ میں ایسی کتاب نہیں دیکھی، اکثر کتابوں میں تبصرے ہوتے ہیں لیکن اس میں حقیقت بیان کی گئی ہے، یہ کتاب واقعی دلچسپ ہے۔ کالم نگار حسن نثار نے ملکی سیاست میں چوہدری برادران کے کردار کی تعریف کی، تقریب میں اہم شخصیات اور پارٹی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

مقبول خبریں