اسد شفیق دورۂ برطانیہ میں نمبر 4 پر بیٹنگ کیلیے تیار

یونس اور مصباح کے بعد مشکل ٹور میں سینئرز کو بیٹنگ کا بوجھ اٹھانا ہوگا، اسد شفیق


Sports Reporter April 14, 2018
یاسرکی کمی محسوس ہوگی،خلاپُرکرنے کیلیے دیگراسپنرز موجود ہیں،بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

اسد شفیق دورۂ برطانیہ میں نمبر 4 پر بیٹنگ کیلیے تیار ہیں۔

آئرلینڈ اور انگلینڈ سے ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے کیمپ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے، گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسد شفیق نے کہاکہ یونس خان اور مصباح الحق ایک عرصے تک پاکستانی بیٹنگ کے ستون بنے رہے،ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بیٹنگ کا بوجھ اظہرعلی، سرفراز احمد اور مجھ کو مل کر اٹھانا ہے۔

اسد شفیق نے کہاکہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں ذمہ داری مزید بڑھ جائے گی، کوچ اور کپتان غور کررہے ہیں کہ مجھے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے بھیجا جائے، میں ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹاپ آرڈر میں بھی کھیلتا رہا ہوں اس لیے کوئی مشکل نہیں ہوگی جب کہ دیگر چند بیٹسمین بھی انگلینڈ میں کھیل چکے اور امید ہے کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی پیس بیٹری بہترین ہے، عامر اور حسن اچھی فارم میں ہیں،نیٹ میں خاصے ردھم میں بھی نظر آرہے ہیں، گوکہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں اپنی افادیت ثابت کرنے والے یاسر شاہ کی کمی محسوس ہوگی، البتہ ان کا خلا پُر کرنے کیلیے موجود نوجوان اسپنرز بھی باصلاحیت ہیں۔

اسد شفیق نے کہا کہ ٹیم انگلینڈ میں فتوحات حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،تربیتی کیمپ میںکھیل کے تینوں شعبوں سمیت فٹنس بہتر بنانے پر بھی کام کررہے ہیں۔ میچ وننگ کارکردگی کم ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ جب بھی موقع ملا کوشش کی کہ ٹیم کیلیے اپنی افادیت ثابت کروں۔

محدود اوورز کے اسکواڈ میں جگہ نہ بنانے کے حوالے سے اسد شفیق نے کہا کہ قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپ میں بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا، خود کو جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کررہا ہوں،ون ڈے اسکواڈ میں کم بیک کیلیے پُرعزم ہوں۔