فکسنگ تو درکنار، کبھی ایسا سوچا بھی نہیں؛ فواد عالم

سلیم خالق  پير 16 اپريل 2018

 فواد عالم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کیلیے منتخب نہ ہونے پر مایوس نہیں ہوں، محنت جاری رکھوں گا، فکسنگ کے بارے میں کبھی نہیں سوچا، صفائیاں وہ دیتے ہیں جنہوں نے کچھ کیا ہو۔

دورہ انگلینڈ کےلیے نظر انداز ہونے والے فواد عالم نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں کوچنگ اسٹاف اور ساتھی پلیئرز کا رویہ بہت مثبت تھا، دورہ انگلینڈ کیلیے اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر دکھ ہوا تاہم مایوس نہیں ہوں، محنت جاری رکھوں گا، میں آج جو کچھ بھی ہوں کرکٹ کی وجہ سے ہوں، کھیل کی عزت کرتا ہوں، عروج و زوال زندگی کا حصہ ہے، مثبت سوچ رکھتے ہوئے محنت جاری رکھوں گا، ایک دن اس کا پھل ضرور ملے گا۔

فکسنگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کیریئر میں جتنی کرکٹ بھی کھیلی پوری دیانتداری سے کھیلی، فکسنگ کرنا تو درکنار کبھی اس بارے میں سوچا تک نہیں ہے، ویسے بھی صفائیاں وہ دیتے ہیں جنہوں نے کچھ کیا ہوتا ہے، میں نے ایسا کچھ کیا ہی نہیں تو کچھ کہنے کی بھی ضرورت نہیں ہے، اگر ایسا کوئی معاملہ ہوتا تو میں ڈومیسٹک کرکٹ بھی نہ کھیل رہا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کپ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، اس کے بعد انگلینڈ میں لیگ کرکٹ کھیلنے کا بھی پروگرام ہے، شائقین کی جانب سے حوصلہ افزائی پر ان کا شکر گزار ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔