نیب کی کارروائی بلدیاتی افسران کی نشاندہی پر 6 کروڑ برآمد

جاوید قمرکی رہائش گاہ سے2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیرملکی کرنسی ملی ہے۔


Staff Reporter April 20, 2018
رمضان سولنگی سے 4 کروڑ کی ملکی وغیر ملکی کرنسی، پرائزبانڈز اور 50 تولہ سونا برآمد ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس

قومی احتساب بیورو کراچی نے محکمہ بلدیات میں آرگنائزڈ کرپشن کیخلاف کارروائیوں کے دوران2 روز میں 2ملزمان کے گھروں پر چھاپے مار کر 6 کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیرملکی کرنسی، پرائز بانڈز، سونا برآمد کرلیا جبکہ بڑے پیمانے پر جائیدادوں کی دستاویزات بھی ملی ہیں۔

نیب کراچی نے بدھ کے روز 2 مختلف کارروائیوں میں محکمہ بلدیات کے افسر قمرالدین شیخ کے فرنٹ مین اور ڈی ایم سی ویسٹ کے ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ جاوید قمر اور سیکریٹری بلدیات کے پرسنل اسسٹنٹ کے عہدے پر طویل عرصے سے تعینات رمضان سولنگی کو گرفتار کیا تھا، جاوید قمر کو ان کے رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا اور گرفتاری کے وقت اس کے گھر سے2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیرملکی کرنسی ملی۔

دوسری کارروائی میں رمضان سولنگی کو ان کے دفتر سے چھاپہ مار کر گرفتارکیا گیا تھا، رمضان سولنگی کی نشاندہی پر نیب کراچی کی تفتیشی ٹیم نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر 4 کروڑ روپے مالیت کی ملکی وغیرملکی کرنسی، پرائز بانڈز اور 50 تولہ سونا برآمد کرلیا، دونوں ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کرکے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

دریں اثنا احتساب عدالت کے منتظم جج نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے پرسنل اسسٹنٹ رمضان سولنگی کو جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کردیا،ملزم کئی دہائیوں سے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے پرسنل اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات ہے، ملزم ڈی ایم سیز، یو سیز سے ماہانہ رشوت جمع کرتا تھا، ملزم کو لوکل گورنمنٹ آفیسرجاوید قمرکی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے، ملزم جاویدقمر کو 2روز قبل نیب نے گرفتار کیا تھاجوجسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں