سرسید ٹاؤن اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سے مکین خوف میں مبتلا

ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود ملزمان لوٹ مارکے بعد باآسانی فرار ہوجاتے ہیں.


Staff Reporter April 14, 2013
کچھ افراد سرسید ٹاؤن پولیس کی سرپرستی میں بھتہ طلب کرتے دکھائی دیے فوٹو: فائل

سرسید ٹاؤن میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں نے علاقہ مکینوںکوخوف و ہراس میں مبتلا کردیا۔

موٹر سائیکل سوار ملزمان ڈبل سواری کی پابندی کے باوجود مکینوں سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کر کے فرار ہوجاتے ہیں جبکہ ملزمان خواتین سے بھی لوٹ مار کرنے سے باز نہیں آتے، سادہ لباس میں ملبوس افراد سرسید ٹاؤن پولیس کی سرپرستی میں ٹھیلے اور پتھارے والوں سے بھتہ طلب کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، تفصیلات کے مطابق سرسید ٹاؤن کے علاقے سیکٹر9 میں موٹر سائیکل سوار اسٹریٹ کرمنلز نے علاقہ مکینوں کی زندگی نہ صرف اجیرن بنا دی بلکہ مکین رات کو گھروں سے بلاوجہ باہر نکلتے ہوئے خوف محسوس کر رہے ہیں۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے صبح کے وقت جب بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے لوگ گھر کے باہر اسکول وین کا انتظار کرتے ہیں یا پھر وہ لوگ جو بچوںکو خود اسکول چھوڑنے جاتے ہیں موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان موقع پاتے ہی انھیں لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں، مکینوں کا کہنا ہے کہ ملزمان کا ایک گروپ دوپہر سے شام تک علاقے میں دندناتا رہتا ہے، ملزمان علاقے میں آنے جانے والوں کو سر راہ یرغمال بنا کر نقدی، موبائل فون اور دیگر اشیا چھین کر فرار ہوجاتے ہیں۔



سیکٹر9 سمیت سرسید ٹاؤن کے دیگر علاقوں سیکٹر 11-B، سیکٹر 11-Aاور سیکٹر 10 کے علاوہ ڈسکو موڑ اور محمد شاہ قبرستان کے قریب لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، موٹر سائیکل سوار ملزمان کا منظم گروہ ان علاقوں میں اس وقت زیادہ متحرک اور فعال ہوجاتا ہے جب رات کو علاقے میں کے ای ایس سی کی جانب سے2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے اور یہی وقت ان کے لیے غنیمت ہوتا ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرسید پولیس کو اس حوالے سے کئی بار آگاہ کیا گیا کہ کم از کم لوڈشیڈنگ کے دوران نہ صرف گشت بڑھا دیا جائے بلکہ سادہ لباس میں پولیس کو بھی متحرک کیا جائے۔

تاہم پولیس کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہوئی جس کا فائدہ اٹھا کر اسٹریٹ کرمنلز شہریوں کو سر راہ نقدی، موبائل فون اور طلائی زیورات سے محروم کر رہے ہیں، یہ بھی معلوم ہو ہے کہ سرسید ٹاؤن پولیس کی سرپرستی میں سادہ لباس میں ملبوس 2 افراد دن بھر علاقے میں لگنے والے ٹھیلوں اور پتھارے والوں سے بھتہ وصول کرتے دکھائی دیتے ہیں اور اگر کوئی ٹھیلے والا انھیں پیسے دیے بغیر چلا جائے تو وہ دونوں افراد اسے نہ صرف تشدد کا نشانہ بناتے ہیں بلکہ علاقہ بدر کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔

مقبول خبریں