نیب آصف زرداری کی سوئس دولت بھی واپس لائیں شہباز شریف

سیاسی شعبدہ بازی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب


Numainda Express May 03, 2018
اگر نیب میرے انڈرہوتی تومیں نیب کے انڈر نہ ہوتا، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ پورے پاکستان میں نیب کا سورج آب و تاب کے ساتھ چمک رہاہے تو اچھی بات ہے، آصف زرداری کے اربوں روپے سوئس بینکوں سے واپس لائیں۔

شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پورے پاکستان میں نیب کا سورج آب و تاب کے ساتھ چمک رہاہے تو اچھی بات ہے، آصف زرداری کے اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز نیب میں اور 6ارب روپے سوئس بینکوں میں پڑے ہیں، نیب اور عدالت عظمیٰ سے درخواست ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے اور یہ لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر قوم کی دعائیں لے، نیب میرے انڈر نہیں،اگر نیب میرے انڈر ہوتی تو میں نیب کے انڈر نہ ہوتا۔


قبل ازیں شہبازشریف نے گزشتہ روز لاہور کے علاقے گرو مانگٹ روڈ گلبرگ میں جدیدمیڈیسن سپلائی ویئر ہاؤس اور برڈ ووڈ روڈ پر جدید بی ایس ایل تھری لیب کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ نندی پور بجلی کے منصوبہ کی ٹینڈرنگ نہیں ہوئی اوراس میں بے پناہ کرپشن کی گئی جو بڑا جرم ہے، نیب کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ،میری عدالت عظمیٰ سے بھی درخواست ہے کہ وہ بھی اس کا نوٹس لے کہ اس منصوبے میں کرپشن کرنے والے ابھی آزادی کے ساتھ پھر رہے ہیں، یہ قوم سے بڑی نا انصافی ہے۔

دریں اثنا شہبازشریف سے مختلف اضلاع کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل، سید محمد اصغر، ڈاکٹر نادیہ عزیز، میاں اعظم چیلہ ، محسن شاہنواز رانجھا اور ملک عزیزالحق نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاسی شعبدہ بازی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔

شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں پارٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ آگے بڑھے گا تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا، میں جلد سندھ کا دورہ کروں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی جس میں عالمی سیاسی صورتحال، امت مسلمہ کو درپیش مسائل اوردو طرفہ تعاون کے امکانات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سندھ کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ترقی پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا حق ہے ،ہم تمام شہروں کی یکساں ترقی کے ویژن پر یقین رکھتے ہیں، کاش لاہور سے پہلے کراچی میں اورنج لائن میٹروٹرین اورمیٹروبس پروجیکٹ بنا ہوتا، کراچی کو اس کا حق ادا کرنے کی کوشش ضرور کریں گے۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا توکراچی میں لاہور سے بڑھ کر ترقیاتی منصوبے مکمل کرائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ ذمے دارانہ صحافت ملک کو کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ شہبازشریف نے مولانا مشرف تھانوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں