ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 10 کرنے کا منصوبہ

فرسٹ کلاس پلیئرزکے اچھے معاوضے کیلیے ریجنزکورقم دینے پرغورجاری ہے، نجم سیٹھی


Sports Reporter May 05, 2018
 سلیکشن اور قومی ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو: فائل

ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8 سے بڑھا کر 10کرنے کا منصوبہ سامنے آ گیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8 سے بڑھا کر 10کرنے کی تجویزہے،اس سے متعلق جلد پالیسی بیان جاری کریں گے، ریجنز کرکٹرز پیدا کرتے مگر انھیں ڈپارٹمنٹس لے جاتے ہیں، فرسٹ کلاس کرکٹرز کو اچھا معاوضہ دینے کیلیے ریجنز کو رقم دینے پر غور کر رہے ہیں، ہم بورڈ کا پیسہ بینکوں میں رکھنے کے بجائے کھلاڑیوں پر لگائیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچنگ اسٹاف نے پاکستان کرکٹ کا 10 سالہ پلان تیار کرلیا، ہمارا مقصد ہے کہ اس دوران نئے پلیئرز تیار کئے جائیں، فواد عالم کو شامل نہ کرنے پر تنقید کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں سلیکشن اور ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، انضمام الحق ماہر شخص اور مجھے ان کے کام میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ باہر بیٹھے لوگوں کو تنقید کا حق ہے جو ضرور کریں، اگر وہ بات نہیں کہیں گے تو ان کی کون سنے گا، تنقید کرنے والے خود بھی سلیکٹرز رہے ہیں۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ہے، ٹیسٹ میں بھی ہماری ٹیم ایک وقت میں سرفہرست رہی،ون ڈے میں چیمپئنز ٹرافی جیتی لہذا کارکردگی بہترین ہے۔

نجم سیٹھی نے کہاکہ آئرلینڈ کے ساتھ ٹیسٹ تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا،میں خود بھی مقابلے کو دیکھنے کیلیے جائوں گا، ٹیم کو موسم کی وجہ سے انگلینڈ کی وکٹوں پر بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔