کیویز کو سیکیورٹی خدشات جھٹک کر دورے کا مشورہ

پاکستان میں خوف محسوس نہیں کرتا،نیوزی لینڈ نومبرمیں ٹیم کوبھیجے، مارک کولز


Sports Reporter May 05, 2018
پاکستان میں خوف محسوس نہیں کرتا،نیوزی لینڈ نومبرمیں ٹیم کوبھیجے، مارک کولز۔ فوٹو : فائل

COLOMBO: قومی ویمنز ٹیم کے کوچ مارک کولز نے کیویز کو سیکیورٹی خدشات جھٹک دینے کا مشورہ دy دیا.

قومی ویمنز ٹیم کے کوچ مارک کولز کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے،وہ اس وقت کراچی میں ڈپارٹمنٹل ٹورنامنٹ کے دوران خواتین کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، اس سے قبل لاہور میں اچھا وقت گزار چکے.

نیوزی لینڈ کے ایک اخبار کو انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ کیویز کو نومبر میں پاکستان کا دورہ ضرور کرنا چاہیے، 2 بیٹیوں اور اہلیہ سمیت میری اپنی بھی چھوٹی سی فیملی نیوزی لینڈ میں ہے لیکن میں یہاں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشات محسوس نہیں کرتا، میں خود کو آکلینڈ کی گلیوں سے بھی زیادہ محفوظ خیال کرتا اورکافی پینے و تفریح کیلیے بھی جاتا ہوں،مجھے کبھی خوف محسوس نہیں ہوا.

مارک کولز نے کہا کہ پاکستانی کیویز سے بڑا پیار کرتے ہیں،اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم یہاں آئی تو سب والہانہ استقبال کرینگے،مجھے یقین ہے کہ اگر مہمان ٹیم یہاں 25میچز بھی کھیلے تو ہر بار اسٹیڈیم بھرا نظر آئے گا۔

کوچ نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے دیوانے ہیں لیکن نوجوان نسل کو زیادہ تر میچز ٹی وی پر ہی دیکھنے کا موقع ملتا ہے،یہاں کے لوگ کین ولیمسن اور ٹم ساؤتھی سمیت بیشتر کیوی کرکٹرز کے بھی بڑے پرستار ہیں، ان کو آنکھوں کے سامنے کھیلتے دیکھنے کا موقع ملے تو بڑی خوشی محسوس کریںگے، نیوزی لینڈ کی ٹیم یہاں آئی تو دیگر ملکوں میں بھی ٹورز کرنے کا حوصلہ پیدا ہوگا۔

یاد رہے کہ کیویز نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2003میں کیا تھا،سری لنکن ٹیم کی بس پر حملے کے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیوں معطل رہیں،زمبابوے کیخلاف محدود اوورز کے میچز کی میزبانی 2015میں لاہور میں کرنے کے بعد پاکستان بتدریج بحالی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔