بانڈڈ ویئر ہاؤس سے کیمیکل کے ڈرم غائب

خفیہ اطلاع پراپریزمنٹ ایسٹ کی کارروائی، جانچ میں1138ڈرم کم نکلے


Ehtisham Mufti May 08, 2018
منیجرامپورٹرسمیت پکڑاگیا،رشوت لے کرڈرم جانے دینے کااعتراف بھی کرلیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ کے شعبہ آراینڈ ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بانڈڈ ویئر ہاؤس سے کیمیکل کے متعددڈرم غائب ہونے کے انکشاف پرمقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کلکٹر اپریزمنٹ ایسٹ سعید اکرم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ بانڈڈویئرہاؤس میںرکھا ہوا درآمدی کیمیکل ڈیوٹی و ٹیکسوں کی ادائیگی کے بغیر نکالا جا رہا ہے جس پر انھوں نے ڈپٹی کلکٹر محمد علی ملک کی سربراہی میں پرنسپل اپریزر دوست محمد، اپریزر عادل رشید، اعظم شاہ، عامرحسین، جاوید خان اور ثمر حسین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے میسرز ایچ اکبرعلی اینڈ کو پرائیویٹ لمیٹڈ کے گودام پر چھاپہ مار کر وہاں پر میسرز ایم ایم انٹرپرائزز کی جانب سے رکھے جانے والے درآمدی مکسچر فیٹی ایسڈ (کیمیکل) کی جانچ پڑتال کی تو پتاچلا کہ میسرز ایم ایم انٹرپرائزز نے گودام سے مختلف اوقات میں غیرقانونی طور پر مکسچر فیٹی ایسڈکے 1138 ڈرم غائب کردیے جس کا بانڈڈ ویئر ہاؤس کے پاس کوئی حساب نہیں تاہم آراینڈڈی ایسٹ کی مذکورہ چھاپہ مار ٹیم نے گودام کے منیجر لیاقت علی اور درآمدکنندہ منصورکو گرفتارکرکے عدالت سے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ گودام کے منیجرلیاقت علی نے تفتیش کے دوران محکمہ کسٹمزکی ٹیم کو بتایا کہ درآمدکنندہ منصورکی جانب سے ہدایت کی جاتی تھیں کہ عبدالقادر نامی شخص اس کو 15 ہزار روپے دے گا جس کے عوض گودام سے کیمیکل کے ڈرم غائب کرانا ہوں گے اور وہ درآمدکنندہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کیمیکل کے ڈرم کو جانے کی اجازت دے دیتا تھا تاہم کچھ عرصے بعد درآمدکنندہ کی جانب سے ڈیوٹی وٹیکسزکی ادائیگی کے بعد بانڈڈ ویئر ہاؤس سے غیر قانونی طور پر جانے والے مکسچرفیٹی ایسڈ نامی کیمیکل کے ڈرم کی انٹری بانڈڈ ویئر ہاؤس کے رجسٹر میں کردی جاتی ہے تاکہ کسی کو شک نہ ہو سکے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بانڈڈ ویئر ہاؤس میں رکھے جانے والے سامان کی حفاظت کے لیے محکمہ کسٹمزکی جانب سے باقاعدہ اسٹاف کو تعینات کیا جاتا ہے لیکن مذکورہ بانڈڈ ویئر ہاؤس میں پاکستان کسٹمز کے اسٹاف کے باوجود کیمیکل کے ڈرم کیسے غائب ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں