مقبوضہ کشمیر زخمی نوجوان شہید بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرے پھر شروع

سفیل احمد بٹ اتوار کو شوپیاں میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے


News Agencies May 09, 2018
یاسین ملک کی مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت، قابض حکمرانوں نے ظلم وبربریت کی تمام حدیں پار کر لیں، میر واعظ، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور کشمیری نوجوان سفیل احمد بٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز سرینگر کے ایک اسپتال میں شہید ہوگیا۔

سفیل احمد کی شہادت سے اتوار کو بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہوگئی ہے، شوپیاں کے علاقے داچھو سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ سفیل احمد اتوار کو ضلع کے علاقے بادی گام میں احتجاجی مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا، شہید ہونے والے نوجوان توصیف احمد شیخ کی والدہ نسیمہ بانو نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے نے شہید ہونے سے چند منٹ پہلے ان سے فون پر رابطہ کیا، دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین ایک مرتبہ پھر پرتشدد و جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

تازہ جھڑپوں کا سلسلہ زخمی کشمیری کی اسپتال میں شہادت کے بعد شروع ہوا، دوسری طرف مظاہرین کی جانب سے پھینکے گئے پتھر نے ایک بھارتی سیاح کی جان لے لی جس کا تعلق تامل ناڈو سے تھا، وہ اپنے والدین کے ساتھ کشمیر کے سیاحتی دورے پر آیا ہوا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اتوار کو شوپیاں میں 10 نوجوانون کی شہادت کے خلاف مسلسل دوسرے دن بھی مکمل ہڑتال جاری ہے، ہڑتال کی کال علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے، تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔

یاسین ملک کی مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کی گئی ہے، حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ قابض حکمرانوں نے ظلم وبربریت کی تمام حدیں پار کرلی ہیںاور ہمارے نوجوانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر سمیت 14کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مقررین نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت نے تمام اخلاقی ، انسانی اور قانونی قدروں کو روندتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں گولیوں اور پیلٹ گنوںکا استعمال کر کے سیکڑوں کشمیریوں کو بصارت سے محروم اور زخمی کر دیا ہے جبکہ ہزاروں کشمیریوں کو کالے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجرک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو مانیٹر کر رہی ہے جہاں بھارتی فورسز حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں