آئر لینڈ ٹیسٹ میں بطور11ویں ٹیم انٹری کیلیے تیار

ڈبلن میں طویل فارمیٹ کی تاریخ کا 2303 اور پاکستان کا413واں مقابلہ ہوگا


ڈبلن میں طویل فارمیٹ کی تاریخ کا 2303 اور پاکستان کا413واں مقابلہ ہوگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

آئر لینڈ ٹیسٹ کرکٹ میں بطور11ویں ٹیم انٹری کیلیے تیار ہے جب کہ ڈبلن میں طویل فارمیٹ کی تاریخ کا 2303 اور پاکستان کا 413 واں مقابلہ ہوگا۔

کرکٹ کی تاریخ میں پہلا ٹیسٹ15 سے 19 مارچ 1877تک میلبورن گراؤنڈ میںکھیلا گیا، میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 45 رنز سے شکست دیکر اولین فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا، اس فارمیٹ میں تیسری ٹیم جنوبی افریقہ کی انٹری مارچ 1889میں ہوئی، طویل وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کو جون 1928،نیوزی لینڈ کو جنوری 1930، بھارت کو جون 1932 میں ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل ہوا۔

یاد رہے کہ یہ برصغیر کی مشترکہ ٹیم تھی، تقسیم ہند کے بعد پاکستان نے اپنی آزادی کے پانچویں سال اکتوبر 1952 میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، سری لنکا فروری 1982، زمبابوے اکتوبر 1992 اور بنگلہ دیش نومبر 2000 میں ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی صف میں شامل ہوا۔

گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مزید 2ملکوں کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا فیصلہ کیا۔ ان میں سے ایک آئرلینڈ جمعے کو پاکستان کے خلاف میدان میں اترتے ہوئے طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے والی11 ویں ٹیم کے طور پر اپنا نام درج کرائے گی، افغانستان ٹیم رواں سال جون میں میزبان بھارت کے خلاف اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے ایلیٹ کلب میں جگہ پا لے گی۔

مجموعی طور پر ابھی تک 2302 میچز کھیلے جا چکے ہیں،سب سے زیادہ997 میچز انگلینڈ نے کھیلے، پاکستان نے اب تک 412 میچز میں 132 فتوحات حاصل کیں، 122میں شکست ہوئی، 185 مقابلے ڈرا ہوئے۔

خیال رہے کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز کا تصور 2012 میں سامنے آنے کے 3 سال بعد 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے ایڈیلیڈ میں پنک بال کے ساتھ مصنوعی روشنیوں میں میچ کھیلا تھا،اس ضمن میں تجربات کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

اس فارمیٹ میں دلچسپی بڑھانے کے لیے آئندہ سال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی متعارف کرائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں