پہلا ڈیپ واٹر کنٹینر ٹرمینل ہچیسن پورٹس پاکستان باقاعدہ فعال

آزمائشی آپریشن میں ہی سامان کی بہتر انداز سے ترسیل کا 4 مرتبہ نیا ریکارڈ قائم کرچکا۔


Business Reporter May 12, 2018
افتتاح پروزیراعظم،وزیرمیری ٹائم افیئر،چیئرمین کے پی ٹی،ایم ڈی ہچیسن پورٹس کاخطاب۔ فوٹو :فائل

کراچی کی بندر گاہ پر خصوصی طور پر تعمیر شدہ گہرے پانی کے پہلے کنٹینر ٹرمینل ہچیسن پورٹس پاکستان کا افتتاح کیا گیا ہے، اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ پاکستان کا پہلا ٹرمینل ہے جو سمندر کے گہرے پانی میں تعمیر کیا گیا ہے۔

ٹرمینل کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کیا، اس موقع پر جہاز رانی کے وزیر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو، گورنر سندھ محمد زبیراور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین ریئر ایڈمرل جمیل اختر موجود تھے۔

ہچیسن پورٹس پاکستان کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی ہچسن پورٹس کے درمیان پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ہے، یہ ٹرمینل اس خطے کے جدید ٹرمینلز میں سے ایک ہے جس نے 9 دسمبر 2016 سے اب تک آزمائشی آپریشن کے دوران پورٹ پر سامان کی بہتر انداز سے ترسیل کا 4 مرتبہ نیا ریکارڈ قائم کیا اور دنیا کے وسیع ترین کنٹینر ٹرمینل کو سہولتیں فراہم کیں، اس ٹرمینل کی معیاری کارکردگی کے ساتھ پاکستان کو عالمی تجارت میں ایک اہم مقام دلوائے گا اور ملکی معاشی ترقی میںمضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر کہا کہ بندرگاہ کی تعمیر ملک کیلیے تاریخی کامیابی کے مترادف ہے ہچیسن پورٹس پاکستان خصوصی طور پر ملکی معاشی ترقی کے منظرنامے کو مثبت انداز سے تبدیل کرنے کیلیے نمایاں کردار ادا کرے گی۔ یہ ٹرمینل دسمبر 2018 میں نئے ریجنل آپریشنز سینٹر کا آغاز کرے گا۔

میری ٹائم افیئرز کے وزیر سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہاکہ ہچیسن پورٹس پاکستان جیسے بڑے ترقیاتی منصوبوں سے تجارت میںخاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے کہاکہ یہ ٹرمینل کراچی میں تجارت کے بڑے مرکز کے طور پر سامنے آئے گا۔

ہچیسن پورٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر برائے مڈل ایسٹ افریقہ اینڈی چوئے اور جنرل منیجر و ہیڈ، کیپٹن سید راشد جمیل نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں