رمضان میں ہوشربا گرانی

رمضان سے قبل ہی تمام پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے ہوچکا ہے


Editorial May 16, 2018
رمضان سے قبل ہی تمام پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے ہوچکا ہے۔فوٹو: فائل

PESHAWAR: رمضان المبارک کا آغاز ہوا ہی چاہتا ہے، اہل وطن اس بات پر شاداں وفرحاں ہیں کہ انھیں اس مقدس مہینے میں روزے رکھنے اور عبادات کا خوب موقعہ ملے گا ، وہیں غریب اور متوسط طبقہ یہ سوچ سوچ کر ہلکان وپریشان ہوا جارہا ہے کہ چاند نظر آتے ہی جو مہنگائی کا طوفان اٹھے گا ، اس کا مقابلہ وہ کیسے کر پائیں گے، گھریلو ماہانہ بجٹ تہس نہس ہوجائے گا ۔

وفاقی حکومت نے 1ارب 73کروڑ روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے یہ مژدہ سنایا ہے کہ عوام کومہنگائی سے بچانا اورماہ رمضان میں سہولتیں پہنچانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو اشیائے خورونوش رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی ۔ لیجیے جناب فرض ادا اور عوام کو ریلیف بھی دے دیا گیا ، مگر زمینی حقیقت تو یہ ہے کہ ملک بھر میں انتہائی قلیل تعداد میں یوٹیلیٹی اسٹورز ہیں جن تک عوام کی رسائی ممکن نہیں، دوسرا ان اسٹورزکے کرپٹ ملازمین یہ اشیاء خود ہی دکانوں پر فروخت کردیتے ہیں ، شومئی قسمت سے کچھ اشیاء مل جائیں تو ان کی کوالٹی انتہائی ناقص ہوتی ہے ۔ مصنوعی بحران کی مثال کافی ہے کہ اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں بشمول کراچی اور لاہور میں مرغی کا گوشت 320 سے 360 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے ۔

رمضان سے قبل ہی تمام پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے ہوچکا ہے، کیلا ، امرود، سیپ ، تربوز ، خربوزہ ، آم کی قیمتوں کو مزید پر رمضان کا اعلان ہوتے لگ جائیں گے ۔ انتظامیہ صرف کاغذی پلان اور بلند بانگ دعوے کرتی رہ جائے گی ۔ دور جدید میں ایک مقولہ جو تاجر برادری میں رائج ہوچکا ہے کہ ایک مہینہ کمائی کا اورگیارہ مہینے کھانے کے۔ مطلب انتہائی ڈھٹائی سے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی جائے ۔

دنیا کے تمام ممالک میں ان کے مذہبی تہواروں پر اشیائے خورونوش میں نمایاں کمی کی جاتی ہے حتی کہ بعض کافر ممالک اپنے مسلمان شہریوں کے لیے رمضان میں اشیائے خورونوش میں خصوصی کمی کردیتے ہیں اور ایک ہم مسلمان ہیں کہ اسے کمائی کا مہینہ قرار دیتے ہیں ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ صرف یوٹیلیٹی اسٹورز پر پیکیج دینے کے بجائے رمضان المبارک میں تمام اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کوکنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ۔ تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور حقیقی معنوں میں اس ماہ مقدس کی خوشیاں انھیں مل سکیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں