بلوچستان کا بجٹ

صوبائی ملازمین اور پنشنرزکی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ 8 ہزار اسامیاں تجویزکی گئی ہیں


Editorial May 16, 2018
صوبائی ملازمین اور پنشنرزکی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ 8 ہزار اسامیاں تجویزکی گئی ہیں۔فوٹو: فائل

PESHAWAR: ایک جانب انتخابات کی آمد آمد ہے اور دوسری جانب وفاقی اورصوبائی حکومتیں نئے مالی سال کے بجٹ قبل از وقت پیش کررہی ہیں ۔ بلوچستان کا مالی سال 2018-19 کے لیے 3کھرب 52 ارب روپے سے زائد کا بجٹ ، 61 ارب روپے کے خسارہ کو بھی ظاہر کررہا ہے ، جسے وفاقی اور صوبائی آمدن سے پورا کیا جائے گا، وفاقی محصولات کی مد میں صوبے کو 2کھرب 43ارب اور صوبے کے اپنے وسائل سے 15ارب روپے ملیںگے۔

بلوچستان رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے ، لیکن اس درماندگی اور پسماندگی دوسرے صوبوں کی نسبت کی کہیں زیادہ ہے، قدرتی ومعدنی وسائل سے مالا مال صوبے کے وسائل کو درست انداز میں استعمال نہ کرنے کی وجہ سے یہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہا ہے ۔ اس وقت سی پیک کی وجہ سے صوبے میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، سوال بہرحال اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا اس ترقی کے ثمرات بلوچستان کے ایک عام آدمی تک پہنچ پاتے ہیں یا نہیں ۔ ایک خوش آیند بلوچستان کے حوالے سے نظر آئی کہ صوبے کا بجٹ ایک خاتون مشیر خزانہ نے پیش کیا ۔ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے اپنی بجٹ تقریر میں اعداد و شمارکے ذریعے بتایا کہ بجٹ میں غیرترقیاتی مد میں 264ارب روپے اور ترقیاتی مد میں 88.3ارب 30کروڑ رکھے گئے ہیں ۔

بجٹ میں تعلیم ، صحت ، امن وامان، سی پیک سمیت دوسرے شعبوں کو خصوصی ترجیح دینے کے علاوہ کینسر اور امراض قلب اسپتال کے قیام کا اعلان کیاگیا ہے۔ تعلیم قوموں کو شعور وآگہی سے روشناس کرتا ہے، بنیادی انسانی مسائل میں تعلیم، صحت ، علاج معالجے اور حصول روزگار کو اہمیت حاصل ہے ، جو بھی حکومت ان شعبوں پر توجہ مرکوز رکھتی ہے اس سے عوام کی زندگی میں آسانی اور بہتری کے آثار پیدا ہوتے ہیں ۔

صوبائی ملازمین اور پنشنرزکی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ 8 ہزار اسامیاں تجویزکی گئی ہیں، ان اسامیوں کو اگر میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے پر کیا جائے تو یقینا صوبے میں بے روزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔ زراعت کے لیے تقریباً 8.7ارب روپے مختص کرنا بھی مستحسن قدم ہے۔ کہنے کو بجٹ اعدادوشمار کا گورکھ دھندہ ہوتا ہے لیکن حقیقی بجٹ وہی ہوتا، جس سے عوام کو ریلیف ملے ۔ یہ آنے والے وقت ہی بتائے گا کہ بجٹ کے نتیجے میں عوام کو کتنا ریلیف ملتا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں