محکمہ صحت کی عدم دلچسپی سیکڑوں بچے پولیو ویکسین سے محروم

4 روزہ مہم مؤثر نہ ہوسکی، جھنڈو مری کے 61، چمبڑ میں 75 اور تعلقہ ٹنڈو الٰہیار میں 125 بچے قطرے پینے سے رہ گئے.


Nama Nigar April 21, 2013
4 روزہ مہم مؤثر نہ ہوسکی، جھنڈو مری کے 61، چمبڑ میں 75 اور تعلقہ ٹنڈو الٰہیار میں 125 بچے قطرے پینے سے رہ گئے. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: محکمہ صحت کی عدم دلچسپی اور نااہلی کے باعث سہ روزہ مہم اور ایک اضافی دن کے باوجود سیکڑوں بچے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالٰہیار میں 15سے 17 اپریل تک سہ روزہ پولیوبیماری سے بچاؤ کی مہم جاری رہی جبکہ اس کی کورنگ کے لیے چوتھے روز بھی ضلع بھر میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ اس کے باوجود ضلع میں 261 بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے، تعلقہ جھنڈو مری کے 61، چمبڑ میں 75 اور ضلعی ہیڈ کوارٹر کا تعلقہ ٹنڈوالٰہیار میں 125 بچے قطرے پینے سے محروم رہ گئے۔

ذرائع کے مطابق سیکڑوں کی تعداد میں بچوں کا پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جانا محکمہ صحت کی عدم دلچسپی ظاہر کرتا ہے جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہم کے پہلے روز فکسڈ اور ٹرانزٹ پوائنٹ پر عملہ تاخیر سے پہنچا جس کے باعث قطرے نہیں پلائے جاسکے جبکہ دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ فکسڈ، ٹرانزٹ پوائنٹ اور گھر گھر جانے والی ٹیموں کو معاوضہ بھی ادا نہیں کیا گیا۔



جس کی وجہ سے ان کی دلچسپی ختم ہوتی جارہی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے بھی مذکورہ ٹیموں اور ان کے عملے کو چیک کرنے والے افسران یا تو آتے ہی نہیں یا اگر جاتے بھی ہیں تو اپنی ایئر کنڈیشن گاڑیوں سے اترنا گوارا نہیں کرتے۔ مذکورہ افسرانوں کا اس طرح کا عمل پولیو کے مرض کے تدارک کے بجائے اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔

ایکسپریس کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ضلع بھر میں ایک لاکھ 40ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف تھا جبکہ سہ روزہ مہم اور اضافی دن کے باوجود محکمہ صحت ٹنڈوالٰہیار نے ایک لاکھ 35 ہزار 4 سو 11 بچوں کو قطرے پلائے۔ محکمہ صحت کے مطابق 4630 بچے ضلع سے باہر ہیں۔

مقبول خبریں