نجی یونیورسٹی کا لڑکا لڑکی کے ساتھ بیٹھنے پر جرمانے کا اعلان

لڑکے لڑکیاں جامعہ میں ساتھ بیٹھتے یا کھڑے ہوتے وقت آپس میں 6 انچ کا فاصلہ رکھیں


Staff Reporter May 19, 2018
لڑکے لڑکیاں جامعہ میں ساتھ بیٹھتے یا کھڑے ہوتے وقت آپس میں 6 انچ کا فاصلہ رکھیں (فوٹو : فائل)

دار الحکومت میں نجی یونیورسٹی نے لڑکا لڑکی کے ساتھ بیٹھنے پر جرمانے اور پابندی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد کی نجی یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام طلبا و طالبات کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ جامعہ کے اندر ڈریس کوڈ کی پاس داری کریں، جامعہ کے نظم و ضبط کو برقرار رکھیں، لڑکے اور لڑکیاں ساتھ بیٹھتے یا کھڑے ہوتے وقت آپس میں 6 انچ کا فاصلہ برقرار رکھیں، طلبا اور طالبات کو ایک دوسرے کو ہاتھ لگا کر بات کرنے پر سختی سے منع کیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ نوٹی فکیشن میں تحریر کیا گیا ہے کہ جولائی 2015ء سے نجی یونیورسٹی میں طلبا کا ڈریس کوڈ برقرار رکھا ہوا ہے۔

تمام اسٹاف کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ جامعہ کے بنائے گئے قانون کی پاس داری کریں اور سیکیورٹی کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اگر کوئی بھی طالب علم یا طالبہ جامعہ کے ڈریس کوڈ سے ہٹ کر ڈریسنگ کرے تو اسے جامعہ میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔

واضح رہے کہ جامعہ کے ڈریس کوڈ کے مطابق یونیورسٹی کی حدود میں لڑکوں کو صرف ڈریس شرٹ، ٹی شرٹ فارمل پینٹ، جینز، جوتے، جوگرز ہی پہننے کی اجازت ہے جبکہ لڑکیوں کو خاص طور پر شلوار قمیص کو دوپٹے اور اسکارف کے ساتھ پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پینٹ، ٹراؤزر کو لمبی قمیص اور دوپٹے اور اسکارف کے ساتھ ہی استعمال کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں