بلدیہ عظمیٰ درجنوں افسران کو ترقی دلانے والی قرار منسوخ کرنے کا حکم

2009 میں قرارداد نمبر 420کو منظور کیا گیا تھا، قرارداد کی منسوخی کا حکم نامہ فوری جاری کردیا جائے،ہاشم رضا زیدی.


Staff Reporter April 22, 2013
سینئر ڈائریکٹر ثقافت ریحان خان سمیت محکمہ فنانس کے تقریباً 44 سے زائد افسران کی سابقہ گریڈ میں تنزلی کردی گئی،ذرائع. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی نے2009میں منظور کی جانے والی قرارداد نمبر 420 کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جس کے بعد بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ ثقافت وکھیل کے سینئر ڈائریکٹر ریحان خان سمیت محکمہ فنانس کے کم وبیش44 سے زائد افسران کی سابقہ گریڈ میں تنزلی کردی گئی۔

باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کے بعض افسران کی طرف سے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ایک درخواست دی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ قرارداد 420 کے ذریعے حقدار افسران کی حق تلفی کی گئی ہے اور ایسے افسران کو ترقیاں دیدی گئی ہیں جن کا ترقی حاصل کرنا حق نہیں تھا، اس درخواست کے ملنے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد قرارداد 420 کو منسوخ کرنے کی منظوری دیدی اور ایچ آر ایم ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر قرارداد کی منسوخی کا حکمنامہ جاری کردے۔

 



واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ میں 2009میں ایک قرار داد 420 کے ذریعے درجنوں افسران کی بیک وقت ترقیاں کردی گئی تھیں جس پر اس وقت ادارے کے افسران نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس قرار داد کی منظوری کو زیادتی قرار دیا تھا اور کہا تھا جس طرح اس قرارداد کا نمبر 420ہے اسی طرح اس قرارداد میں بھی چارسوبیسی کی گئی ہے، متاثرہ افسران کا کہنا ہے کہ ہم ایڈمنسٹریٹر کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں تاہم ماضی میں لاتعداد لوگوں کی قراردادوں کے زریعے ترقیاں ہوئی ہیں بہتر ہوگا کہ قرارداد کے ذریعے جن افسران نے ترقیاں حاصل کی ہیں۔

ان تمام افسران کی تنزلی کردی جائے تو انصاف کا بول بالا ہوجائے گا اور کسی کو یہ کہنے کا بھی موقع نہیں ملے گا صرف چند لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے،بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر نے اس معاملے کا ازخود نوٹس نہیں لیا تھا بلکہ ان کے پاس آنے والی درخواستوں پر کارروائی کی گئی ہے، اگر کسی اور قرارداد کے حوالے سے ان کے پاس درخواست آئی تو اس سلسلے میں بھی قانون کے تمام تقاضوں کو پورا کرکے کارروائی کی جائے گی۔

مقبول خبریں