ٹیسٹ رینکنگ برینڈن ٹیلر نے کیریئر بیسٹ پوزیشن حاصل کرلی

زمبابوین کپتان 41 درجے ترقی سے 29 ویں نمبر پر آگئے، کریمر ٹاپ 100میں شامل


Sports Desk April 22, 2013
پاکستان کے یونس خان 9 پوزیشن پر موجود، بولنگ میں سعید اجمل کا چوتھا نمبر۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش کو ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 335 رنز کے بھاری مارجن سے ٹھکانے والی زمبابوین ٹیم کے کپتان برینڈن ٹیلر نے آئی سی سی رینکنگ میں کیریئر بیسٹ پوزیشن حاصل کرلی۔

وہ ایک ہی جست میں 41 درجے کی چھلانگ لگاکر 29ویں نمبر پر آگئے، انھوں نے ٹائیگرز کیخلاف 171 اور 102 ناٹ آئوٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ سردست زمبابوے کے بھی ٹاپ رینک کرکٹر بن گئے ہیں، زمبابوے کے دوسرے بیٹسمین گریمی کریمر نے بھی پہلی مرتبہ ٹاپ 100 میں جگہ بنالی، ہرارے ٹیسٹ میں 42 اور 43 رنز اسکورکرنے والے کریمر نے پہلی اننگز میں کپتان ٹیلر کے ہمراہ ساتویں وکٹ کے لیے 106رنز کی شراکت میں بھی ہاتھ بٹایا ، وہ ترقی25 سیڑھیاں طے کرتے ہوئے 100ویں پوزیشن پر آئے ہیں۔



جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا بدستور دنیا کے نمبرون بیٹسمین کا اعزاز حاصل کیے ہوئے ہیں، جس کے بعد شیونرائن چندرپال اور ابراہم ڈی ویلیئرز موجود ہیں، پاکستان کے یونس خان 9 ویں پوزیشن کے ساتھ ٹاپ ٹین میں موجود ہیں، بھارت کے چتیشور پجارا نے ساتویں پوزیشن قائم رکھی ، بولنگ میں جنوبی افریقہ کے ہی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی اجارہ داری قائم ہے، ان کے ہموطن ورنون فلینڈر دوسرے اور سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ نے تیسری پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے جبکہ پاکستانی اسپنر سعید اجمل نے چوتھی پوزیشن لے رکھی ہے، آل رائونڈرز درجہ بندی میں کوئی تبدیلی رونمانہیں ہوئی، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس بدستور پہلے اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے نمبر پر ہیں، تاہم ان کے درمیان فرق بڑھتے ہوئے 35 ریٹنگ پوائنٹس ہوگیا ہے۔

مقبول خبریں