ملتان میں مقابلہ پی پی اور ن لیگ میں ہوگایوسف رضا گیلانی

مقابلہ تحریک انصاف اور ن لیگ میں ہوگا،پیپلز پارٹی کہیں دکھائی نہیں دیتی،شاہ محمود۔


Monitoring Desk April 22, 2013
مخدوموں کیلیے مشکل الیکشن ہیں،رانا محمود،تکرار میں موسیٰ گیلانی کی بھی بات چیت۔ فوٹو: فائل

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انتخابا ت ضرور ہوں گے۔

پیپلز پارٹی غریب عوام کی شناخت ہے۔ ملتان میں مقابلہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہو گا۔ وہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کی وجہ سے زیادہ موثر طور پر پیپلز پارٹی کی مہم چلا چلا رہے ہیں ۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار کے میزبان عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نظریاتی لوگ ہیں پیپلز پارٹی کے لیے کام کر کے ان کو خوشی ہوتی۔ بھٹو نے غریب کو شناخت دی۔ انہیں طاقت کا سرچشمہ قرار دیا۔ ہم نے صوبہ بنانے کے لیے وہ تمام ضروری کارروائی کی ۔ سینٹ سے نئے صوبے کی قرارداد دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی۔

قومی اسمبلی میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں تھی۔ اگر مسلم لیگ ن ہمارا ساتھ دیتی تو یہ قرارداد بھی منظور ہو جاتی۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضلع ملتان میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہو گا، پیپلز پارٹی ان کو کھیل میں دکھائی نہیں دیتی۔ یوسف رضا گیلانی ایک باعزت خاندان کے فرد ہیں۔ ان کی پہچان ہے اور ان کا ووٹ بینک بھی ہے۔ تاہم ان کی کارکردگی کیا ہے۔ ان کی ساکھ بھی خراب ہو چکی ہے۔ وہ حلقہ این اے 150 سے پہلی مرتبہ الیکشن لڑ رہے ہیں یہاں ان کا ووٹ بینک نہیں ابھی لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں تاہم اس حلقہ میں تحریک انصاف کی جانب رجحان زیادہ ہے۔



پیپلز پارٹی کے امیدوار موسیٰ گیلانی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اس خطے سے کی بہت خدمت کی ہے۔ ہمیں ان کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے۔ انہیں نااہل قرار دیے جانے پر عوام کو بہت دکھ ہے۔ ملتان میں اس وقت پیپلز پارٹی کی بی ٹیم حصہ لے رہی ہے۔ اس پورے حلقہ میں پیپلز پارٹی موجود ہے۔ تحریک انصاف کا کوئی مقابلہ نہیں۔اگر تحریک انصاف ایک پارٹی ہوتی تو شاہ محمود سندھ سے آزاد حیثیت سے کیوں الیکشن لڑتے۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا محمود الحسن نے کہا کہ وہ ایک سیاسی کارکن کے طور پر رائے دے رہے ہیں کہ ملتان کے سارے مخدوموں کے لیے یہ ایک بہت مشکل الیکشن ہیں۔ این اے 151 سے الیکشن میں حصہ لینے والے خواجہ سرا الجاج سعید نرگس نے کہا کہ غربت بہت زیادہ ہے اور عوام تنگ ہیں۔ ان کی حلقہ میں بڑی پذیرائی ہو رہی ہے وہ خوب مقابلہ کریں گے۔ عوام ان کے ساتھ ہیں۔ انشااللہ جیت ان کی ہو گی۔ ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف شیکل انجم نے کہا کہ ملتان میں روایتی حریفوں کے درمیان ہی مقابلہ ہو گا۔