پلیئرز کے معاشی مسائل حل کیے بغیر کھیل کی ترقی ممکن نہیں، جان شیر خان

اسپورٹس رپورٹر  پير 21 مئ 2018
اسپانسرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں میں آنا چاہیے تاکہ ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہو، جان شیر خان۔  فوٹو : فائل

اسپانسرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں میں آنا چاہیے تاکہ ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہو، جان شیر خان۔ فوٹو : فائل

لاہور: اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے معاشی مسائل حل کیے بغیر کھیل ترقی نہیں کرسکتے تاہم حکومت پلیئرزکے معاشی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جان شیر خان نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے بڑا مسئلہ کھلاڑیوں کی بے روزگاری ہے، جب تک بے روزگاری پر قابو نہیں پایا جائے گا اس وقت تک ملک میں کھیل ترقی نہیں کرسکتے۔

سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ کسی بھی کھیل میں حکومت اور اسپانسر کے بغیر ترقی ناممکن ہے، کھلاڑی امن کے سفیر اور ہمارا قومی اثاثہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہمارا اور حکومت کا فرض ہے۔

جان شیر خان نے کہا کہ اسپانسرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں میں آنا چاہیے تاکہ ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہو۔ پہلی کبڈی سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کبڈی سپر لیگ ملک میں ہمارے ثقافتی کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔