اسپینش فٹبال؛ زیڈان کے بیٹے کا رئیل میڈرڈ میں ڈیبیو

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 مئ 2018
ویلارئیل کیخلاف کوچ کے 20 سالہ بیٹے نے عمدہ کھیل پیش کیا، مقابلہ 2-2 سے برابر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ویلارئیل کیخلاف کوچ کے 20 سالہ بیٹے نے عمدہ کھیل پیش کیا، مقابلہ 2-2 سے برابر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

میڈرڈ: اسپینش فٹبال لیگ میں کوچ زیڈان کے بیٹے نے رئیل میڈرڈ کی سینئر ٹیم کیلیے ڈیبیو کرلیا، انھیں یہ موقع گزشتہ دنوں ویلارئیل کیخلاف میچ میں میسر آیا۔

اسپینش فٹبال لیگ میں رئیل میڈرڈ نے ویلارئیل کیخلاف مقابلہ 2-2 سے برابر کرلیا، اس میچ کی خاص بات کوچ زین الدین زیڈان کے 20 سالہ بیٹے لوکا زیڈان کا فرسٹ ٹیم کیلیے ڈیبیو رہا، اس یادگار موقع پر زیڈان سینئر نے کہا کہ مجھے اس کے ڈیبیو پر خوشی ہے یہ میرے لیے اور اس کے کوچ کیلیے بہت اہم ہے، بطور والد میرے لیے لوکا کو ہوم گرائونڈ پر کھیلتے ہوئے دیکھنا قابل فخر ہے،اس ڈرا مقابلے کی بدولت ویلارئیل نے لیگ میں رئیل بیٹس سے ایک درجے بلند ہوکر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔

رئیل میڈرڈ کی ٹیم اب 26 مئی کو یوئیفا چیمپئنز لیگ فائنل میں انگلش کلب لیورپول سے ٹکرائے گی، زیڈان نے اس حوالے سے کہا کہ ہم اس چیلنج کیلیے بھی تیارہیں، آج کے مقابلے میں ہمارے کسی پلیئر کو کوئی انجری پیش نہیں آئی، ہم سیزن میں اپنا اختتامی مقابلہ اور فائنل کھیلنے کیلیے پوری طرح چوکس ہیں۔

رونالڈو نے کھیل کے ابتدائی 63 منٹ تک میدان میں گزارے اس کے بعد زیڈان نے انھیں تبدیل کردیا، اس دوران انھیں بھی کوئی بے آرامی محسوس نہیں ہوئی، اسی طرح گیراتھ بیل نے بغیر کسی پریشانی کے میچ  میں عمدہ کھیل پیش کیا۔

اس بابت زیڈان نے کہا کہ گیراتھ کبھی اپنے معیار سے کم کھیل پیش نہیں کرتا، مجھے اس کی پرفارمنس دیکھ کر خوشی ہوئی، انجری مسائل سے نجات پانے کے بعد اس کے انداز کھیل میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ پہلے کی طرح موثر رہا۔

دوسرے میچ میں سویلا نے ایلویس کیخلاف 1-0 سے کامیابی حاصل کرلی، اس فتح کی بدولت سویلا نے سیزن میں ساتویں پوزیشن پر اختتام کیا جبکہ رئیل بیٹس کو لینگنیز کے ہاتھوں 2-3 سے ملنے والی شکست نے تنزلی پر مجبور کردیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔