مارک ووڈ ’ریڈ بال‘ سے دھاک بٹھانے کے خواہاں

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 مئ 2018
پاکستان کیخلاف لارڈز ٹیسٹ میں کائونٹی کی پرفارمنس دہرانے کی کوشش کروں گا، انگلش پیسر۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

پاکستان کیخلاف لارڈز ٹیسٹ میں کائونٹی کی پرفارمنس دہرانے کی کوشش کروں گا، انگلش پیسر۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

لندن: پاکستان کے خلاف سیریز میں مارک ووڈ ریڈ بال سے دھاک بٹھانے کے خواہاں ہیں۔

مارک ووڈ کی خدمات آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز نے حاصل کی تھیں تاہم پہلے ہی میچ میں بغیر کوئی وکٹ لیے 49 رنز کی پٹائی برداشت کرنے والے فاسٹ بولر کو پھر میدان میں نہیں اتارا گیا، وہ تقریباً ایک ماہ تک وہاں نیٹ میں ہی بولنگ کرتے رہے جس کے بعد انھیں انگلینڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈریو اسٹروس نے واپس بلاکر ڈرہم کی جانب سے کائونٹی کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کی، جہاں پر انھوں نے ڈربی شائر کے خلاف کیریئر بیسٹ 46 رنز کے عوض 6 وکٹوں کی پرفارمنس دی، اسی کارکردگی کی بنیاد پر انگلش سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے اپنے پہلے ٹیسٹ اسکواڈ میں انھیں بھی شامل کرلیا۔

مارک ووڈ کے پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کیلیے میدان میں اترنے کا قوی امکان اور وہ خود بھی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی جگہ بنانے کیلیے پراعتماد ہیں، خاص طور پر ان کو اس بات کی بھی خوشی ہے کہ وہ فٹنس مسائل سے چھٹکارا پاچکے ہیں، وہ 2015 اور 2016 میں تین مرتبہ ٹخنے کی سرجری کے مرحلے سے گزرچکے ہیں۔

مارک ووڈ کہتے ہیں کہ  میرے 7 ماہ انجری فری گزرے ہیں، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا، مجھے انگلینڈ کی جانب سے جس فارمیٹ میں بھی کھیلنے کا موقع ملے مجھے خوشی ہوتی ہے، چاہے وہ ٹوئنٹی 20 ہو یا پھر ون ڈے کرکٹ میں بھرپور لطف اندوز ہوتا ہوں مگر میں ٹیسٹ کرکٹ میں جگہ مستحکم کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ریڈ بال کے ساتھ زیادہ وکٹیں لینے اور اپنی پرفارمنس میں مستقل مزاجی کی ضرورت ہے، مجھے سلیکٹرز اور کوچز پر بہت کچھ ثابت کرنے کی ضرورت ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں موقع ملنے پر اپنی پرفارمنس سے نہ صرف ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا بلکہ اپنی جگہ بھی مستحکم کروں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔