ایمرجنسی لگانے کیلیے تمام متعلقہ اداروں سے مشورہ کیا مشرف

3 نومبرکوجمہوری حکومت کام کررہی تھی،تمام اقدامات ملکی بہتری کیلیے تھے،پولیس کوبیان


Monitoring Desk April 22, 2013
3 نومبرکوجمہوری حکومت کام کررہی تھی،تمام اقدامات ملکی بہتری کیلیے تھے،پولیس کوبیان۔ فوٹو: فائل

سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ 3 نومبر2007 کو ایمرجنسی لگانے سے متعلق میرے تمام اقدامات مشاورتی عمل کا نتیجہ تھے، تمام متعلقہ اداروں سے مشورہ کیا گیا تھا۔

ایک ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پولیس کو دیے گئے اپنے بیان جو 19 اپریل کی سہ پہر ریکارڈ کیا گیا میں مشرف نے کہا کہ3 نومبرکی شب کی جانیوالی اپنی تقریر پرقائم ہوں۔ اس وقت وزیراعظم اور کابینہ کی سربراہی میں جمہوری حکومت کام کررہی تھی۔ میرے تمام اقدامات ملکی بہتری کیلیے تھے، میں نے تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم 3 نومبر2007 کے صدارتی خطاب کی ریکاڈنگ حاصل کریگی۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ججوں کی گرفتاری سے متعلق ریکارڈ کیلیے کابینہ سیکریٹریٹ اور وفاقی وزارت داخلہ سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔