ٹنڈولکر آج 40 ویں سالگرہ کا کیک کاٹیں گے

بڑھتی عمر کے باوجود حوصلے جوان، کرکٹ سے بدستور جڑے رہنے کا اعلان


Sports Desk April 24, 2013
بڑھتی عمر کے باوجود حوصلے جوان، کرکٹ سے بدستور جڑے رہنے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

بھارتی اسٹار ٹنڈولکر بدھ کو اپنی 40 ویں سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔

کولکتہ میں ''ہیپی برتھ ڈے ٹو یو''کہنے کیلیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے، بڑھتی عمر کے باوجود ماسٹر بیٹسمین ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور بدستور کھیل سے جڑے رہنا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بیٹنگ کے بیشتر ریکارڈز اپنے قبضے میں رکھنے والے سچن ٹنڈولکر بدھ کے روز 40 سال کے ہو جائینگے، وہ یہ دن خاموشی سے گذارنا چاہتے تھے مگرکولکتہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے ان کیلیے تقریب سجانے کا فیصلہ کر لیا۔



وہ میزبان نائٹ رائیڈرزکیخلاف آئی پی ایل میچ میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرینگے،اس موقع پر 40 پائونڈ وزنی چاکلیٹ کیک ان کی راہ تک رہا ہو گا،اس پر ان کی ورلڈکپ 2011میں فتح کے لمحات کی تصویر بنی ہو گی۔ 1989 میں 16سال کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے ٹنڈولکر کے حوصلے 24 سالہ کیریئر کے باوجود جوان ہیں، ریکارڈ 198 ٹیسٹ اور463 ون ڈے میچز میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے لٹل ماسٹر 100 انٹرنیشنل سنچریوں کا منفرد اعزاز حاصل کر چکے ہیں، 2006 کے واحد میچ میں شرکت کے بعد ٹنڈولکر نے مزید ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

وہ ٹیسٹ کیریئر کو استحکام دینے کیلیے گذشتہ برس ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے تاہم ان کی حالیہ فارم اچھی نہیں ہے،2 برس قبل بھارت کے ورلڈ چیمپئن بننے سے اب تک 21 ٹیسٹ میں انھوں نے 31.80 کی اوسط سے صرف1145 رنز ہی بنائے ہیں، جنوبی افریقہ کیخلاف 2011 کے کیپ ٹائون ٹیسٹ کے بعد وہ 51 سنچریوں میںاضافہ بھی نہیں کرسکے، ہم عصر ڈریوڈ اور پونٹنگ کی ریٹائرمنٹ کے باوجود ٹنڈولکر ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔