خواتین کا ڈھابا

منیرہ عادل  پير 28 مئ 2018
’’چلو چائے پینے ڈھابے پر چلتے ہیں‘‘۔ فوٹو: فائل

’’چلو چائے پینے ڈھابے پر چلتے ہیں‘‘۔ فوٹو: فائل

گھریلو کام کاج سے فراغت کے بعد یا ملازمت سے واپسی پر جب چائے پینے کی طلب ہو تو  کراچی کی خواتین اس  ڈھابے پر جاسکتی ہیں۔

کراچی میں ماڑی پور میں واقع لیڈیز ڈھابا چادر اور چار دیواری کے تحفظ کے ساتھ خواتین کو ایک اچھی محفل کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔ ویمن ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن پاکستان کی بانی صبیحہ شاہ نے خواتین کے لیے مل بیٹھنے اور تفریح طبع کے لیے لیڈیز ڈھابا قائم کیا۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ وہاں آنے والی خواتین کی تعداد سے لگایا جاسکتا ہے۔ چھپر تلے قائم اس ڈھابے کو بڑی خوب صورتی سے اور بڑے روایتی انداز میں سجایا گیا ہے۔

تخت پر بیٹھ کر خواتین چائے سموسے اور چٹ پٹی چاٹ کھانے کے ساتھ گپ شپ بھی کرتی ہیں اور بے حد خوشی محسوس کرتی ہیں کیوں کہ گھر سے نکلنا اور باہر کھانا پینا ہمیشہ سے خواتین کے لیے ایک پرکشش مشغلہ رہا ہے۔ متوسط طبقے کی وہ خواتین یا لڑکیاں جن کو عموماً گھر سے باہر سہیلیوں کے ہمراہ کسی ہوٹل میں جانے کی اجازت نہیں ہوتی، انہیں خواتین کے ڈھابے کے لیے بہ آسانی اجازت مل جاتی ہوگی۔

والدین بھی علاقے میں موجود ڈھابے کے متعلق جانتے ہیں۔ لہٰذا بے فکر ہوکر بچیوں کو اجازت دے دیتے ہوں گے، کیوں کہ یہ خواتین کا ڈھابا صرف کھانے پینے تک محدود نہیں بلکہ بے حد منفرد نوعیت کا حامل ہے۔

اس ڈھابے میں خواتین کیرم اور لوڈو کے کھیل سے بھی لطف اندوز ہوسکتی ہیں۔ مطالعے کی شوقین خواتین کے لیے یہاں ایک چھوٹی سی لائبریری بھی موجود ہے۔ انٹرنیٹ سے بھی مستفید ہوسکتی ہیں۔

اس کے علاوہ بیوٹیشن اور سلائی کے کورسز بھی کروائے جاتے ہیں  جن کو سیکھ کر خواتین باعزت روزگار کما سکتی ہیں۔سماجی ناہمواریوں کا شکار اور گھریلو پریشانیوں میں الجھی خواتین کے لیے یہ ایک بہترین جگہ ہے  جہاں بیٹھ کر اپنی سہیلیوں کے ہمراہ گپ شپ کرکے لذیذ و مزے دار اور بہترین کھانا کھا کر چائے پی کر اور ساتھ کیرم اور لوڈو کھیلتے ہوئے وہ اپنی ذہنی پریشانیوں کو بھلا کر دوبارہ تازہ دم ہوسکتی ہیں۔

یہ ڈھابا صرف خواتین کے لیے ہے۔ لہٰذا پردے دار خواتین بھی یہاں آرام سے بیٹھ کر لطف اندوز ہوسکتی ہیں۔ یہ خواتین یہاں اپنے بچوں کو بھی اپنے ہمراہ لے جاسکتی ہیں۔ ایک جیسے روزمرہ کے معمول سے اکتا جانے والی گھریلو خواتین اس ڈھابے کے پرسکون ماحول میں تخت پر آرام سے بیٹھ کر بڑا اطمینان اور خوشی محسوس کرتی ہیں۔

ویمن ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے قائم یہ ڈھابا ایک نہایت قابل تعریف اور قابل  ستائش قدم ہے۔ ابتدا کہیں سے بھی ہو اس ڈھابے سے خواتین کو جو خوشی ملی ہے، اس سے خواتین کو جینے کا ایک نیا احساس ملا ہے۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک میں احتراماً یہ ڈھابا بند رہتا ہے۔ مگر لیڈیز ڈھابے کی سربراہ صبیحہ شاہ نے ماہ رمضان میں بھی خواتین کی سہولت کو پیش نظر رکھا ہے۔ ماہ رمضان میں عموماً سحر و افطار پر خصوصی اہتمام کے سلسلے میں خواتین کی مصروفیت بڑھ جاتی ہے۔

انواع و اقسام کے پکوان افطار کے دستر خوان کی زینت بنانے کے لیے خواتین اکثر بے حد مصروف رہتی ہیں لہٰذا خواتین کی سہولت کے لیے ان کو آرام پہنچانے کے لیے تاکہ خواتین عبادت کو زیادہ وقت دے سکیں اور دل جمعی سے اذکار و عبادات کرسکیں۔ اس کے لیے لیڈیز ڈھابا فروزن رول، سموسے، کباب، پیزا، پراٹھے، دہی پھلکی، ہاف رول وغیرہ فراہم کرے گا۔

غرض وہ اشیا جن سے افطار کا دسترخوان سجایا جاسکے، وہ ایک دن قبل صبح دس سے تین بجے کے دوران لیڈیز ڈھابے کے دفتر یا ویمن ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن پاکستان کے دفتر جوکہ فرید چیمبر صدر کراچی میں واقع ہے، وہاں آرڈر دینے پر مہیا کی جائیں گی۔ یا انہیں فون پر آرڈر دیا جاسکتا ہے۔ افطار ڈنر، کڑاہی، کھیر، پلاؤ کا بھی آرڈر دیا جاسکتا ہے۔ عیدالفطر کے بعد لیڈیز ڈھابا دوبارہ معمول کے اوقات کار کے مطابق کھلے گا۔

الغرض صنف نازک کے لیے لیڈیز ڈھابے کا قیام ایک خوش آئند قدم ہے۔ اس کو سراہا جانا چاہیے بلکہ ہر علاقے میں ایک ایسا لیڈیز ڈھابا قائم ہونا چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔