اسپاٹ فکسنگ کیس بے گناہی کا راگ الاپنے والے اصلاح پر آمادہ

پابندی کے شکار فاسٹ بولر آصف نے بھی پی سی بی کے ری ہیبلی ٹیشن پروگرام میں شرکت کیلیے وکلا سے صلاح ومشورے شروع کردیے.


Sports Desk April 25, 2013
سلمان بٹ نے پابندی سے متعلق دستاویزات بورڈ کے حوالے کردیں،کسی بھی قسم کے پروگرام یا کورس کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کردی ہے، سابق کپتان فوٹو: فائل

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا کے باوجود مسلسل بے گناہی کا راگ الاپنے والے پاکستانی کرکٹرز اصلاح پر آمادہ ہوگئے، پابندی کے شکار فاسٹ بولر آصف نے بھی پی سی بی کے ری ہیبلی ٹیشن پروگرام میں شرکت کیلیے اپنے وکلا سے صلاح ومشورے شروع کردیے۔

آئی سی سی کی معطل سزا سے بچنے کیلیے اینٹی کرپشن ایجوکیشن کے مرحلے سے گزرنا ضروری ہے، ادھر سلمان بٹ نے اپنی پابندی سے متعلق دستاویزات پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کے حوالے کردیں،ان کا کہنا ہے کہ میں نے کسی بھی قسم کے پروگرام یا کورس کیلیے اپنی دستیابی ظاہر کردی،اسی کی بدولت میں باقی ڈھائی برس کی پابندی کاٹنے کے بعد دوبارہ کرکٹ میں واپسی کے قابل ہوجائوں گا۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر محمد آصف نے بھی اب ہر طرف سے امید کا دروازہ بند ہونے کے بعد اپنی اصلاح کرانے میں عافیت جانتے ہوئے اس سلسلے میں وکلاسے صلاح و مشورے شروع کردیے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سلمان بٹ اور آصف پر بالترتیب10اور7برس کی پابندی عائد کی تھی،اس میں سے سلمان بٹ کی5 اور آصف کی دوبرس سزا معطل تھی، مگر اس کیلیے شرط یہ ہے کہ وہ ابتدائی پانچ برس کی پابندی کے دوران اپنے بورڈ کی جانب سے اینٹی کرپشن ایجوکیشن پروگرام میں شریک ہوں،ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کی معطل سزا بھی نافذ ہوسکتی ہے۔



گذشتہ دنوں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے سلمان بٹ اور آصف دونوں کو اپنا جرم قبول کرنے اور فوری طور پر ری ہیبلی ٹیشن پروگرام میں شریک ہونے کی ہدایت کی تھی، سلمان بٹ نے تو فوری طور پر پی سی بی کے آفیشلز سے ملاقات کرکے اس پروگرام میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی جبکہ آصف کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بھی کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے پابندی کے خلاف اپنی اپیل مسترد ہونے کے بعد اب اصلاحی پروگرام میں شرکت کیلیے اپنے وکلا سے مشورہ کررہے ہیں۔

دوسری جانب سلمان بٹ نے پی سی بی آفیشلز کو اپنی پابندی کے حوالے سے دستاویزات جمع کرادیں اور ان کو بتادیا کہ وہ کسی بھی ری ہیبلی ٹیشن پروگرام میں شرکت کیلیے دستیاب ہیں۔ اس بارے میں سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ میں نے ری ہیبلی ٹیشن پروگرام یا کسی بھی کورس کیلیے اپنی دستیابی ظاہر کردی، جب کبھی بھی مجھے پی سی بی نے شرکت کیلیے کہا میں اس کے لیے تیار ہوں گا، انھوں نے کہا کہ اسی پروگرام کی وجہ سے میں اپنی پابندی کی باقی ماندہ ڈھائی برس کی پابندی ختم کرپائوں گا جس کے بعد میری کرکٹ میں واپسی ہوگی۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف واضح کرچکے ہیں کہ پابندی کے اختتام پر سلمان بٹ، آصف اور عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ عامر پہلے ہی اصلاحی پروگرام پر عملدرآمد شروع کرچکے ہیں۔