چیمپئنز لیگ بائرن میونخ نے بارسلونا کو 40 سے پچھاڑ دیا

تھامس مولرکے2گول،سیمی فائنل کاسیکنڈ لیگ یکم مئی کوکیمپ نائو میں ہو گا.


AFP April 25, 2013
تھامس مولرکے2گول،سیمی فائنل کاسیکنڈ لیگ یکم مئی کوکیمپ نائو میں ہو گا. فوٹو: فائل

چیمپئنز لیگ سیمی فائنل فرسٹ لیگ میں بارسلونا کو 4-0 سے پچھاڑ کر بائرن میونخ کی ٹیم فائنل میں رسائی کے قریب پہنچ گئی۔

لیونل میسی اس مقابلے میں کوئی جادو نہیں جگا سکے، فاتح ٹیم کی جانب سے تھامس مولر نے2 جبکہ ماریو گومز اور ڈچ اسٹرائیکر آرجین روبن نے ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، سیکنڈ لیگ یکم مئی کو کیمپ نائو میں ہوگا، بارسلوناکیلیے اب فائنل میں پہنچنا ناممکن تو نہیں لیکن مشکل ضرور ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز لیگ سیمی فائنل فرسٹ لیگ میں بارسلونا کو میزبان جرمن سائیڈ بائرن میونخ نے 4-0 کی شکست سے بے بس کردیا، اسپینش کلب کی 16 برس بعد ایونٹ میں یہ بدترین ناکامی ہے، اس سے قبل اسے1997 میں گروپ مرحلے میں ڈائنامو کیو نے اسی مارجن سے مات دی تھی، بارسلونا کے ارجنٹائنی سپراسٹار میسی ہیمسٹرنگ انجری کے بعد ٹیم میں واپس آنے پر اپنا عمومی کھیل پیش کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے، بائرن کی ابتدائی طور پر کی جانے پنالٹی کی اپیل مسترد ہوگئی،کھیل کے24ویں منٹ میں میزبان سائیڈ کو اس وقت برتری مل گئی۔



جب روبن کے پاس پر مولر نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھادی، جرمنی کے ڈینٹ نے اس کے پانچ منٹ بعد بارسلونا کا جوابی حملہ ناکام بنایا،پیڈرو روڈریگوئز کے کراس پر انھوں نے گیند کو میسی کے پاس جانے سے قبل ہی درمیان میں اچک لیا، بائرن نے کھیل کے 49ویں منٹ میں اپنی برتری کو دگنا کرلیا، ماریو گومز نے گذشتہ تین میچز میں اپنا چھٹا گول بناتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنایا، جس پر ایک مرتبہ پھر بارسلونا کا دفاع ناکام نظر آیا، کارنر پر روبن کی لگائی ہوئی کک پر گیندکو مولر نے گومز تک پہنچایا،انھوں نے بغیر کوئی غلطی کیے مشن کو انجام دے دیا۔

بارسلونا کے دفاع کیلیے مستقل خطرہ بنے رہنے والے ڈچ اسٹرائیکر آرجین روبن کو73ویں منٹ میں گول بنانے کا موقع مل گیا،جورڈی ایلبا سے گیند چھیننے کے بعد انھوں نے رائٹ سائیڈ سے اسے جال میں پھینک دیا،اس موقع پر بارسلونا کے پلیئرز نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے ریفری سے احتجاج بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ مولر نے ایلبا کو جسمانی طور پر پرے دھکیلا ہے، کھیل کے82ویں منٹ میں بائرن کی جانب سے فرنچ اسٹرائیکر فرینک ریبری اور ڈیوڈ ایلیبا کی بنائی ہوئی موو خطرناک روپ اختیار کرگئی اور انھوں نے گیند مولر کو پہنچادیا، جنھوں نے اسے منزل تک پہنچانے میں دیر نہیں لگائی۔