2سال میں لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو میرا نام بدل دیں شہباز

تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی ملکر میرے خلاف اشتہاری مہم چلا رہی ہیں


زربابا نے شکست دیکھ کر بندوق بڑے خاں صاحب کے کندھے پر رکھ دی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ11مئی کا الیکشن پاکستان میں نئی حکومت لانے کا الیکشن نہیں بلکہ پاکستان کو بچانے اور پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کا الیکشن ہے۔

پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور (ق)لیگ تینوں جماعتیں ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں۔ عوام نے نواز شریف کو کامیاب کرایا اور دوسال میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم نہ کیے تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔ جھنگ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ اسلام آباد کے محلات میں بیٹھے زربابا کو اپنی شکست نظر آ رہی ہے اسی لیے وہ بڑے خان صاحب کے کندھے پر بندوق رکھ کر ن لیگ کا ووٹ تقسیم کرنے کی سازش کررہے ہیں۔



لیکن پاکستانی عوام سے دست بستہ اپیل ہے کہ وہ زربابا اور بلے باز کی اس سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں اور11 مئی کو شیر پر مہر لگا کر پاکستان کی قیادت پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے والوں کے حوالے کریں۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلے باز کہتا ہے کہ اوپر اللہ اور نیچے بلا لیکن اسے یہ پتہ نہیں کہ اللہ تو ہر جگہ موجود ہے۔ اوپر بھی وہی اور نیچے بھی وہی۔ اب پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی مل کر میرے خلاف ٹی وی چینلز پر اشتہاری مہم چلا رہی ہیں۔ (ن)لیگ اقتدار میں آکر جھنگ میں میڈیکل کالج، یونیورسٹی اور دانش اسکول قائم کرے گی۔