ترقی کیلیے جذبہ اور تجربہ ن لیگ کے پاس ہے احسن اقبال

احسن اقبال نے اپنے بھائی کو 82 کروڑ کا ٹھیکہ لیکردیا، ابرارالحق: ’کل تک‘ میں گفتگو


Monitoring Desk April 26, 2013
احسن اقبال نے اپنے بھائی کو 82 کروڑ کا ٹھیکہ لیکردیا، ابرارالحق: ’کل تک‘ میں گفتگو فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے پچھلے پانچ سال میں نارووال میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں یہ پسماندہ علاقہ تھا۔

لیکن ہم نے اس کو بڑے شہروں جیسی سہولتوں سے آراستہ کیا اور بہترین انفراسٹرکچر مہیا کیا۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ اللہ پر بھروسہ ہے ہم واضح اکثریت حاصل کریں گے۔ نارووال میں ہم نے پچھلے پانچ سال میں روڈ ڈبل، ڈسٹرکٹ اسپتال، 115ا سکول، 7 کالجز بنائے۔ اگر موسیقی کا مقابلہ ہوتا تو میں ابرارالحق کا مقابلہ نہیں کرسکتا تھا۔

لیکن چونکہ یہ ووٹوں کا مقابلہ ہے اس لئے مجھے جیت کا یقین ہے، پاکستان کو صرف نعروں سے ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے جذبہ اور تجربہ دونوں ہی ضروری ہیں زرداری کے پاس تجربہ تھا مگر جذبہ نہیں تھا، تحریک انصاف منہ زور گھوڑے کی طرح ہے جس کے پاس تجربہ نہیں ہے تجربہ اور جذبہ اگر کسی کے پاس ہے تو وہ صرف مسلم لیگ (ن) ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق نے کہا کہ میں الیکشن کو عاجزی اور تکبر کا مقابلہ سمجھتا ہوں، میرے نزدیک یہ خدمت اور منافقت کا مقابلہ ہے جس میں خدمت جیتے گی، عوام نے احسن اقبال کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے انھوں نے اپنے سگے بھائی کو 82 کروڑ روپے کا ٹھیکہ لے کردیا۔عمران خان کی سوچ اقتدار نہیں ہے ان کی سوچ یہ ہے کہ اچھے لوگوں کو اسمبلی میں لایا جائے اگر اچھے لوگ نہیں مل رہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم کرپٹ لوگوں کو اسمبلی میں پہنچائیں۔