قوم مشرف سے مظالم کا حساب مانگ رہی ہے حمزہ شہباز

ملکی ترقی کے ایجنڈے پر عمران خان سمیت جو بھی آکر ملنا چاہے خوش آمدید کہیں گے.


Monitoring Desk April 27, 2013
مسائل کے حل کیلیے سب کو ملکر چلنا ہوگا،بات سے بات میں ڈاکٹر ماریہ سے گفتگو. فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویزمشرف نے چند ٹکوں کی خاطر قوم کے بیٹوں کو اغیار کے سامنے بیچا ہے، مشرف کے گناہوں کی سزا قوم بھگت رہی ہے اور آج قوم ان سے ان کے مظالم کا حساب مانگ رہی ہے۔

قوم کو پتہ چلنا چاہیے کہ انھوں نے یہ سب کیوں کیا؟۔ آج بلاتفریق احتساب کا موقع آگیا ہے۔ جمعے کو ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''بات سے بات'' میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار اور نوجوان طلبا کے تیز وتند سوالات کے جواب میں انھوں نے کہاکہ جو بھی فرد یا سیاسی جماعت پاکستان کی ترقی کیلیے ہمارے ایجنڈے پر آکر ہم سے ملنا چاہے تو ہم اس کو خوش آمدید کہیں گے چاہے وہ عمران خان ہی کیوں نہ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا عمران خان سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، آج کوئی بھی اکیلی پارٹی پاکستان کے پہاڑ جیسے مسائل کو حل نہیں کرسکتی۔



اس کیلیے سب کو ملک کے مفاد میں ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے جو بھی بیان دیا اس کے جواب میں صرف یہ کہوں گا کہ اگلی مرتبہ جب وہ کوئی بیان دیں تو سوچ سمجھ کر بیان دیں۔ انھوں نے قوم سے اپیل کی کہ چاہے مجھے یا میری پارٹی کو ووٹ مت ڈالیں لیکن خدا کیلیے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔

عائشہ احد کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہاکہ میں عورتوں کی بہت عزت کرتا ہوں اگر کسی کو مجھ سے کوئی شکایت ہے تو وہ عدالت میں جائے، عدالتیں آزاد ہیں، میں 5 سال ایم این اے رہا لیکن خدا کا شکر ہے کہ میں آج سرخرو ہوں، ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ جب عدلیہ بحالی کی ریلی نکالی تو مجھے فون پر کہا گیا کہ نوازشریف کو باہر نکلنے سے روکیں، خودکش دھماکا ہوسکتا ہے لیکن پھر قوم نے دیکھا کہ عدلیہ راتوں رات بحال ہوگئی، اگر اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو تمام ادھورے وعدے پورے کریں گے، قوم کی تمام لوٹی ہوئی رقوم واپس لائیں گے، چاہے وہ سوئس بینک میں ہی کیوں نہ ہوں۔