بلاول دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں خفیہ اداروں کی وارننگ

چیئر مین پیپلز پارٹی کو طالبان اور دیگر دہشت گرد نشانہ بنا سکتے ہیں، سیکیورٹی بڑھائی جائے


Online/ April 27, 2013
چیئر مین پیپلز پارٹی کو طالبان اور دیگر دہشت گرد نشانہ بنا سکتے ہیں، سیکیورٹی بڑھائی جائے۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمعے کو دبئی سے کراچی پہنچ گئے ۔

آن لائن کے مطابق خفیہ اداروں نے بلاول کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خفیہ اداروں کی جانب سے وفاقی اور صوبائی اداروں کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری طالبان اور دہشتگردوںکی ہٹ لسٹ پر ہیںاور وہ براہ راست جلسوں اور ریلیوں میں شرکت نہیں کرینگے، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتیں ان کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔

اس ضمن میںبلاول بھٹو کے ترجمان حشام شیخ نے بتایا کہ بلاول کے دبئی سے کراچی تک سفر کو خفیہ رکھا گیا۔انھوں نے کہا کہ فیڈرل انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے تحریری طور پر ہدایات موصول ہوئی تھیں، جن میں بلاول بھٹو زرداری سے متعلق سنگین سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا گیاہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری شیڈول کے مطابق ویڈیو لنکس کے ذریعے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔



رواں ہفتے بلاول نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ بینظیر کے قاتل اب ان کی جان کے بھی دشمن ہیں۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم شروع ہونے سے قبل بھی بلاول بھٹو زرداری دبئی گئے تھے۔اس وقت بھی ان کے پاکستان سے باہر جانے کی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائے گئے تھے، تاہم ملکی اور عالمی میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کرنے لگی تھیں کہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد صدر آصف علی زرداری کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔

مقبول خبریں