ایٹمی ہتھیاروں کے مکمل خاتمے تک شمالی کوریا پر پابندیاں برقراررہیں گی امریکی وزیر خارجہ

کم جونگ کے ساتھ سمٹ ایک اہم موڑ ثابت ہوئی ہے، مائیک پومپیو


News Agencies June 15, 2018
امریکا شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے بارے میں معقول حد تک معلومات رکھتا ہے اور جلد سے جلد اس بارے میں مزید جاننے کی ضرورت ہے،پریس کانفرنس۔ فوٹو:فائل

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہاہے کہ شمالی کوریا جب تک جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر ترک نہیں کرتا تب تک اس پر عائد پابندیوں کو نہیں اٹھایا جائے گا۔

مائیک پومپیو نے شمالی کوریائی میڈیا میں نشر ہونے والی ان خبروں کو مسترد کردیاہے جس میں کہا جارہاہے کہ کم جونگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اتفاق کیا ہے کہ شمالی کوریا اپنا جوہری پروگرام مرحلہ وار ختم کرے گا۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ انتہائی واضح ہیںکہ شمالی کوریا اپنی جوہری سرگرمیاں کس طرح ختم کرے گا اور اس پر عائد پابندیاں کس طرح ہٹائی جائیں گی، جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر ختم کرنا ہو گا، جس کے بعد شمالی کوریائی پر عائد پابندیاں ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو گا۔ تاہم جنوبی کوریائی دارالحکومت سیئول میں اپنے جاپانی اور جنوبی کوریائی ہم منصبوں کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں انھوں نے اعلان کیا کہ شمالی کوریا پر پابندیاں اٹھانے سے قبل اسے جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر ترک کرنا ہوگا۔

اس موقع پر انھوں نے اعتراف کیا کہ شمالی کوریا اور امریکا کی سمٹ ایک اہم موڑ ثابت ہوئی ہے۔ امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کے وزرائے خارجہ کے درمیان سہ فریقی اجلاس میں تینوں رہنمائوں نے شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کے جلد سے جلد مکمل خاتمے پر اتفاق کیا ہے۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے بارے میں معقول حد تک معلومات رکھتا ہے اور جلد سے جلد اس بارے میں مزید جاننے کی ضرورت ہے۔

بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران پومپیو کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے انٹیلی جنس کی تفصیلات میں تو نہیں جائیںگے مگر امریکا کے پاس اس حوالے سے اچھی خاصی سمجھ بوجھ ہے۔

مقبول خبریں