ہفتہ رفتہ دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں کمی مقامی بھاؤ 6600 روپے پر آگیا

اسپاٹ ریٹ50روپے کمی سے 6600 تک مستحکم،موسم سے نئی فصل میں تاخیر کا خدشہ، قیمتوں میں تیزی کا امکان ہے، پی سی جی اے


Ehtisham Mufti/APP April 29, 2013
احسان الحق نےبتایا کہ تقریبا 15روزقبل سندھ کے بعض شہروں میں روئی کی نئی فصل کے ایڈوانس سودے 3ہزار 200سے 3ہزار 500روپے فی 40کلو گرام کے حساب سے شروع ہوئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی جانب سے نیشنل کاٹن ریزروز سے روئی کی فروخت شروع ہونے اور چائنا کی جانب سے آئندہ چند روز تک کاٹن ریزروز سے روئی کی فروخت شروع ہونے کی اطلاعات کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں مندی کا رجحان غالب رہا۔

جب کہ پاکستان میں انرجی کے بدترین بحران ' کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث برآمدی سرگرمیاں متاثر ہونے اور ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی روئی کی پاکستان آمد میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کی قیمتوں میں مندی کے رجحان کے ساتھ ساتھ خریداری کے رجحان میں بھی خاصی کمی دیکھی گئی۔

پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن (پی سی جی اے) کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے "ایکسپریس"کو بتایا کہ کاٹن کارپوریشن آف انڈیا ( سی سی آئی)نے جس کے پاس روئی کی 25لاکھ بیلز کے ریزروز موجود ہیں 'میں ابتدائی طور پر روئی کی 25ہزار بیلز ان ریزروز میں سے فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم معلوم ہواہے کہ ای -آکشن کے ذریعے فروخت کی جانے والی اس روئی کی فروخت کے پہلے روز سی سی آئی کو صرف ایک ہزار بیلز کی پیشکش موصول ہوئیں جس سے آج بھی مارکیٹ میں روئی کی ڈیمانڈ کااندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر چائنا نے اگر رواں ہفتے کے دوران اپنے نیشنل ریزروز سے روئی کی فروخت شروع کردی تو اس سے روئی کی قیمتوں میں مزید مندی کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں تاہم دوسری طرف یہ اطلاعات بھی گردش کررہی ہیں کہ 2013-14 کے دوران کپاس کی پیداوار میں متوقع کمی کے باعث اگر چائنا نے روئی خریداری کا مزید درآمدی کوٹہ جاری کردیا تو اس سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان بھی سامنے آسکتا ہے۔



انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں روئی کی قیمتیں 6ہزار 600روپے فی من تک دیکھی گئیں جب کہ نیویارک کاٹن ایکسچینج میں حاضر ڈلیوری روئی کی سودے 0.95سینٹ فی پائونڈکمی کے بعد 90.80سینٹ فی پائونڈ'جولائی ڈلیوری روئی کے سودے 1.11سینٹ فی پائونڈ کمی کے بعد 84.25سینٹ فی پائونڈ' بھارت میں روئی کی قیمتیں 525روپے فی کینڈی کمی کے بعد 37ہزار 89روپے فی کینڈی تک گر گئی' چائنا میں روئی کی قیمتوں میں معمولی اضافے کا رجحان دیکھا گیا جب کہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے اسپاٹ ریٹ50روپے فی من کمی کے بعد 6ہزار 600روپے فی من تک مستحکم رہے۔

احسان الحق نے مزید بتایا کہ تقریبا" 15روزقبل سندھ کے بعض شہروں میں روئی کی نئی فصل کے ایڈوانس سودے 3ہزار 200سے 3ہزار 500روپے فی 40کلو گرام کے حساب سے شروع ہوئے تھے تاہم روئی کی قیمتوں میں جاری مندی کے رجحان کے باعث کپاس کی نئی فصل کے ایڈوانس سودوں کے رجحان میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب اور سندھ کے بیشتر کاٹن زونز میں خراب موسمی حالات کے باعث کپاس کی بیجائی کافی متاثر ہورہی ہے جس سے خدشہ ظاہر کی جارہاہے کہ 2013-14 کے دوران نہ صرف کپاس کی نئی فصل کی آمد میں تاخیر واقع ہوسکتی ہے بلکہ اس سے ملکی ٹیکسٹائل ملز کی ضروریات پوری کرنے کیلیے بیرون ملک سے بھی روئی کی درآمد میں اضافہ سامنے آسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے کاٹن زونز رحیم یارخاں'بہاولپور' ساہیوال 'وہاڑی جب کہ سندھ کے کاٹن زونز گھوٹکی' نواب شاہ' سانگھڑاور سکھر میں گنے کی کاشت میں غیر معمولی اضافے کے باعث خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ رواں سال کپاس کی بوائی پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہوسکتی ہے۔

مقبول خبریں