پاک بھارت دوستی؛ 5 زبانوں میں لکھی گئیں نظموں کی کتاب اگست میں شائع ہوگی

آصف محمود  اتوار 17 جون 2018
کتاب کی اشاعت کا مقصد شاعری کے ذریعے دونوں ملکوں میں دوستی اورامن کوفروغ دینا ہے ، فوٹو: فائل

کتاب کی اشاعت کا مقصد شاعری کے ذریعے دونوں ملکوں میں دوستی اورامن کوفروغ دینا ہے ، فوٹو: فائل

لاہور  : پاکستان اوربھارت کے مابین دوستی اورامن کے فروغ کے لئے کام کرنے والی این جی او نے دونوں ملکوں میں دوستی اورامن کے پیغام پرمبنی نظموں کی کتاب شائع کرنے کا اعلان کیا ہے۔  

پاک بھارت تعلقات میں بحالی کے لئے کام کرنے والی تنظیم آغازدوستی اورشاعری کے حوالے سے کام کرنے والی نوجوانوں کی تنظیم کوی شالہ کے باہمی اشتراک سے پاک بھارت دوستی پرمبنی نظموں کی کتاب اگست میں شائع کی جائے گی، دونوں ملکوں کے لیے ایک کتاب پانچ مختلف زبانوں اردو، ہندی ، سندھی ،پنجابی اورانگریزی میں شائع کی جائے گی۔

 

آغازدوستی کے کنوئنیر روی نتیش شریواستو نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ کتاب کے لئے نظموں کا انتخاب ایک مشکل عمل ہوگا تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ بہترین نظمیں منتخب کی جاسکیں اور یہ کام دونوں ملکوں کے نامورشعرا پر مشتمل کمیٹی کرے گی، اس کتاب میں جہاں معروف شعرا کی نظمیں شامل کی جائیں گی وہیں دونوں ملکوں کے طلبا وطالبات کی نظمیں بھی جمع کی جائیں گی تاہم اس کے لئے شرط یہ رکھی گئی ہے کہ وہ نظم پہلے کسی کتاب ،رسالے میں شائع نہیں ہونی چاہیے کتاب کے لیے تازہ نظمیں ہی منتخب کی جائیں گی اوران کا موضوع پاک بھارت دوستی اورامن ہوگا۔

روی نتیش شری واستو کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ 14، 15 اگست کے دن کتاب شائع کی جاسکے، کتاب کی رونمائی پاکستان اوربھارت دونوں ملکوں میں کی جائے گی، منتظمین کے مطابق کتاب کی اشاعت کا مقصد شاعری کے ذریعے دونوں ملکوں میں دوستی اورامن کوفروغ دینا ہے ، آغازدوستی کی طرف سے اس سے قبل پاک بھارت پیس کلینڈربھی شائع کرچکی ہے جس میں دونوں ملکوں کے بچوں کی امن ، دوستی اوربھائی چارے پرمبنی پینٹنگ کو شامل کیا جاتا ہے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔