لال مسجدکیس کل سناجائیگاچیف جسٹس بینچ سے الگ ہوگئے

لارجربینچ آج چیئرمین نیب تقرری کیس،دیدارحسین فیصلے پرنظرثانی درخواست کی سماعت کریگا


Numaindgan Express April 29, 2013
لارجربینچ آج چیئرمین نیب تقرری کیس،دیدارحسین فیصلے پرنظرثانی درخواست کی سماعت کریگا فوٹو: فائل

سپریم کورٹ میں لال مسجد آپریشن کیس کی سماعت کل منگل کوہوگی۔ کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کریگا۔

بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس اعجاز افضل خان شامل ہیں۔چیف جسٹس بنچ سے الگ ہوگئے ہیں۔گزشتہ سماعت میںچیف جسٹس نے لال مسجد کمیشن کی رپورٹ اوپن کرنے کاحکم دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئروکیل طارق اسد کو عدالتی معاون مقرر کیا تھا اور انھیںحکم دیا تھا کہ وہ 10 دن کے اندر لال مسجد کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لے کرعدالت کو بتائیں کہ کس طرح سے آگے بڑھا جائے۔ قانونی ماہرین چیف جسٹس کے لال مسجد آپریشن کیس کی سماعت سے الگ ہوجانے کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کررہے ہیں کہ کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوچکاہے۔

اس لحاظ سے کل کی سماعت کو اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔دریں اثنا سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ آج چیئر مین نیب ایڈمرل (ر)فصیح بخاری کی تقرری کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرے گا۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں لارجر بینچ سابق چیئر مین نیب جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے خلاف وفاقی حکومت کی نظر ثانی درخواستوں کو بھی سنے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 4 سنگل اور 2 ڈویژن بینچ رواں ہفتے مقدمات کی سماعت کریںگے۔