خوشی ہوئی عید پر شائقین نے پاکستانی فلموں کو بے حد پسند کیا، سارہ لورین

قیصر افتخار  منگل 19 جون 2018
انٹرنیٹ کی سہولت نے شائقین کوگھروں تک محدود کردیا،اگرلوگ فلم دیکھنے گھروں سے باہرہیں تویہ بڑی کامیابی ہے، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

انٹرنیٹ کی سہولت نے شائقین کوگھروں تک محدود کردیا،اگرلوگ فلم دیکھنے گھروں سے باہرہیں تویہ بڑی کامیابی ہے، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے عیدالفطرکے موقع پرپاکستانی فلموں کی نمائش کوخوش آئند اورشائقین کی جانب سے ملنے والے رسپانس پرخوشی کا اظہار کیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے سارہ لورین نے کہا ہے کہ عیدالفطرجیسا تہوارجس طرح اپنوں کے سنگ اچھا لگتا ہے، اسی طرح جب پاکستانی سینما گھروں میں اپنے فنکاروں کی انٹرنیشنل معیارکی فلمیں لگی ہوں تواس کودیکھ کربھی مزہ آتاہے۔

سارہ لورین نے کہا کہ اس باربھی پاکستانی فلم میکرز نے اپنی تمام ترصلاحیتوں اوروسائل کوبروئے کارلاتے ہوئے اچھی اورمعیاری فلمیں بنائی ہیںِ ، جن کودیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد سینما گھروں میں پہنچی۔ یہ کہنا تودرست نہیں ہوگا کہ کون سی فلم اچھی رہی اورکون سی فلم ایوریج ، بس مجھے تویہ دیکھ کربے حد خوشی ہوئی ہے کہ فلم بینوں نے پاکستانی فلموں کوپسند کیا اوراپنی فیملیز کے ساتھ سینما گھروں تک پہنچے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان فلم انڈسٹری ایک نئے دورسے گزررہی ہے۔ جس میں جدید سینما کے ساتھ ساتھ فلمسازی کا معیاربھی تبدیل ہوا ہے۔ نوجوان فلم میکرز ہر طرح سے انٹرنیشنل معیار کی فلمیں بنانے کے لیے تیاردکھائی دیتے ہیں۔ دوسری جانب فنکاروں کی بات کریں توسینئرز کے ساتھ ساتھ نوجوان فنکاربھی باصلاحیت ہیں اوراپنے کرداروں میں حقیقت کارنگ بھرنا خوب جانتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سارہ لورین نے کہا کہ ایک دور تھا کہ عیدالفطرکے موقع پرپاکستانی سینما گھروں میں فلم دیکھنے کے لیے ٹکٹ دستیاب نہیں ہوتی تھی۔ جس نے بھی تھوڑی دیرکی تواسے ٹکٹ نہ ملی۔ لیکن اب وہ صورتحال نہیں ہے، اس وقت دنیا بھرمیں فلمسازی کی طرح فلم دیکھنے والوں کے مزاج بھی بدل چکے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی سہولت نے شائقین کوگھروں تک محدود کردیا ہے، مگراس کے باوجود بھی اگرلوگ فلم دیکھنے گھروں سے باہرنکلتے ہیں تویہ فلم میکرز اورفنکاروں کی بڑی کامیابی ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ عیدالفطرپرنمائش کے لیے پیش کی جانے والی تمام فلموں کو جور سپانس ملا ہے، اس پرسب کواللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔