بھارتی نوجوان نے سائیکل پر روس جانے کی ٹھان لی

ارجنٹائن کی ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں، لیونل میسی پسندیدہ کھلاڑی ہیں، فرانسس


Sports Desk June 22, 2018
فٹبال ورلڈ کپ میچ دیکھنے کے لیے سائیکل پر روس جانے والے بھارتی شائق کی ’’سیلفی ‘‘۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی نوجوان نے ورلڈکپ دیکھنے کیلیے سائیکل پر روس جانے کی ٹھان لی۔

میگا ایونٹ اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے، فٹبال کھیلنے والے اور دیکھنے والے دونوں میں جوش خروش اپنے بام عروج پر پہنچ چکا، اسی طرح دنیا کی شہرۂ آفاق ٹیموں کے کھلاڑی بھی لوگوں کے فیورٹ مانے جاتے ہیں، کلفین فرانسس بھی فٹبال سے جنون کی حد تک لگائو رکھتے ہیں، ان کی فیورٹ ٹیم ارجنٹائن ہے اور وہ لیونل میسی کو بیحد پسند کرتے ہیں۔

فرانسس کا کہنا ہے کہ ان کے دل میں خواہش پیدا ہوئی کہ وہ روس جاکر ورلڈ کپ کے میچز دیکھیں، فرانسس بھارت میں ریاضی کے فری لانس استاد اور وہ ایک دن میں 40 امریکی ڈالر کماتے ہیں، بی بی سی کو انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ میں نے محسوس کیا کہ میرے پاس اتنی رقم نہیں جس سے میں روس کا سفر اور وہاں ایک ماہ قیام کرسکوں۔ پھر میں نے سب سے سستے سفر کیلیے سائیکل کا انتخاب کیا، فرانسس کے دوستوں نے ان پر یقین نہیں کیا لیکن تب تک وہ اپنا ذہن بناچکے تھے۔

فرانسس نے رواں برس 23 فروری کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا، انھوں نے کیرالہ سے دبئی کا فضائی سفر کیا، پھر دبئی سے فیری کے ذریعے ایران پہنچے جہاں سے سائیکل پر روس کا دارالحکومت 4,200 کلو میٹر دور تھا، ان کے لیے اس سفر کا انعام ہیرو اور ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی کو دیکھنا تھا، انھوں نے کہا کہ مجھے سائیکلنگ سے محبت ہے اور میں فٹبال کے بارے میں پاگل ہوں، میں نے اپنے دونوں جذبات کو اکھٹا کیا، انھوں نے پاکستان کے ذریعے سفر کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن بھارت کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے انھیں یہ خیال ترک کرنا پڑا۔

فرانسس نے کہا کہ منصوبے میں تبدیلی بہت مہنگی پڑی، ایران میں 45 دن گزارے لیکن ہوٹل میں صرف دو دن ٹھہرا، ایران کے لوگوں نے اپنے گھروں میں رہنے کے لیے مدعو کیا اورکھانا بھی دیا، انھوں نے بتایا 'ایران کے لوگوں نے مجھ سے وعدہ لیا کہ میں روس میں ایرانی ٹیم کی سپورٹ کروں گا، فرانسس ایران سے آذر بائیجان گئے۔

انھوں نے بتایا کہ جب وہ جارجیا پہنچے تو انھیں واپس بھیج دیا گیا اس لیے راستہ تبدیل کرنے کیلیے واپس آذربائیجان آنا پڑا، انھوں نے بتایا کہ مجھے پھر روس میں داخل ہونے کے لیے دوسرا راستہ تلاش کرنا پڑا۔

معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ آذربائیجان کی سرحد روس کے داغستان خطے سے ملتی ہے، 5 جون کو میں داغستان پہنچا، فرانسس جب ٹامبوف شہر تک پہنچے تو وہاں سے ماسکو کا سفر 460 کلومیٹر تھا، انھیں 26 جون تک روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچنا ہے جہاں فرانس اور ڈنمارک کے درمیان فٹبال کے عالمی کپ کا میچ کھیلا جانا ہے۔

فرانسس نے بتایا یہ واحد میچ تھا جس کا ٹکٹ وہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، ان کا کہنا ہے کہ میں ارجنٹائن کی ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں اور لیونل میسی میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، میرا خواب ہے کہ میں ان سے ملوں اور درخواست کروں کہ وہ میری سائیکل پر دستخط کریں۔

فرانسس کو امید ہے کہ ان کا سفر لوگوں کو فٹبال اور فٹنس کے بارے میں متاثر کرے گا، ان کا کہنا ہے کہ میں بھارت کو فٹبال ورلڈ کپ میں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں اور یہ صرف اس وقت ہوگا جب بھارت میں بچے فٹبال پر زیادہ توجہ دیں، میں اگلے 20 برسوں میں اپنے امکانات کے بارے میں پُرامید ہوں۔