پاکستان کا کشمیر پر عالمی کمیشن کی تجویز کا خیر مقدم

بھارت حقائق چھپا نہیں سکتا، انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ انسانیت سوز مظالم سے پردہ اٹھا رہی ہے، ترجمان


Numainda Express June 22, 2018
اچھے اور برے طالبان نہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے، افغانستان میں امن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ کی پریس بریفنگ۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر بین الاقوامی کمیشن کے قیام کی تجویز کا خیرمقدم کر دیا۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم کرتا ہے، بھارت اگرکچھ چھپانا نہیں چاہتا توکمیشن آف انکوائری کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے دے، پاکستان کمیشن کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دیتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی افواج نے عید کے دنوں میں بھی مظالم جاری رکھے، حریت رہنما سید علی گیلانی کو نماز عید بھی ادا نہیں کرنے دی گئی، گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 16 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر ہونے پرگھبراہٹ کا شکار ہے، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر سے متعلق رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے پردہ اٹھا رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شجاعت بخاری کا قتل بھارتی بربریت کی تازہ مثال ہے، بھارت نے شجاعت بخاری کے قتل کا سیاسی استعمال کرنے کی کوشش کی، انھوں نے مطالبہ کیا کہ شجاعت بخاری کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا چہرہ دیکھ لے، بھارت کی جانب سے رپورٹ کو مسترد کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس طر یقے سے بھارت حقائق چھپا نہیں سکتا، بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود جموں و کشمیر عالمی و اقوام متحدہ کے ایجنڈا پر سرفہرست ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ عیدالفطر کے مقدس تہوار پر بھی بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت جاری رکھی۔ بھارت اس سے پہلے کلبھوشن کے معاملے پر بھی بھاگ چکا ہے، پاکستان نے بھارتی میڈیا کی موجودگی میں کلبھوشن سے متعلق حقائق سامنے رکھنے کا کہا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پا کستان ہمیشہ سے افغانستان میں امن کے قیام کی حمایت کرتا رہا ہے تاہم یہ افغان قیادت کو طے کرنا ہے کہ وہ کسی عمل کے تحت قیام امن چاہتے ہیں، پاکستان نے عید پر سیزفائر معاہدے کا خیر مقدم بھی کیا ہے، پاکستان اچھے اوربرے طالبان میں فرق نہیں رکھتا، کالعدم تحریک طالبان کو ہر جگہ نشانہ بناتے رہیںگے۔

ترجمان نے ایس سی او کے حوالے سے بتایا کہ صدر ممنون حسین نے ایس سی او کانفرنس کی سائیڈ لائن پرچین، روسی فیڈریشن، تاجکستان، ایران، افغانستان اور دیگر ممالک کے قائدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہیوسٹن میں موجود قونصل جنرل نے23 مئی کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی، انھوں نے متعلقہ امریکی حکام سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بدسلوکی کا معاملہ اٹھایا ہے، ترجمان نے سابق پاکستانی سفیر جمشید مارکر اور ممتاز مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں