پیپلزپارٹی پر بہت برا وقت آنیوالا ہے عمران خان

ٹکٹوں کی تقسیم میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں ،پروگرام ٹودی پوائنٹ میں گفتگو


Monitoring Desk April 30, 2013
ٹکٹوں کی تقسیم میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں ،پروگرام ٹودی پوائنٹ میں گفتگو. فوٹو : فائل

تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پر بہت برا وقت آنے والاہے اور ن لیگ پر مجھے ترس آنا شروع ہوگیا ہے۔

جنگلہ بس سروس اچھی ہے لیکن پہلے عوام کو بنیادی سہولتیں دینی چاہئیں تھیں ۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ دونوں بڑی جماعتوں نے ایک دوسرے کے مفاد میں کئی قانون پاس کئے ہیں لیکن جب عوام کے مفاد کی بات ہوئی توا نھوں نے کچھ نہیں کیا، اگر یہ بجلی بنانا چاہتے تو بناسکتے تھے اگر 17 ویں ترمیم میں بجلی بنانے کا اختیار صوبوں کو نہیں ملا تو انھوں نے اس ترمیم پر دستخط کیوں کیے تھے۔ن لیگ کے جلسے اور پی ٹی آئی کے جلسے دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ عوام کس کے ساتھ ہیں میں نے جودیکھنا تھا وہ میں دیکھ چکاہوں اب مجھے کوئی شک نہیں رہا عوام تبدیلی لانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔جب میں کرکٹ کھیلتا تو مخالف ٹیم کیخلاف پورا زور لگاتا لیکن جب وہ ہار کے قریب ہوتی تو مجھے اس پر ترس آتا تھا اب مجھے ن لیگ پر ترس آرہا ہے۔



جنوبی پنجاب میں لوگ ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں لوگ ان کو مسترد کرچکے ہیں اب سونامی کو کوئی نہیں روک سکتا۔انتخابی مہم کے لیے بہت کم وقت دیاگیاہے کون تگڑا ہے کون کمزور یہ تو گیارہ مئی کو پتہ چل جائیگا۔مجھے پتہ چل گیا ہے پاکستان قوم کو ہم نے شفاف انتخابات کو موقع دیا ہے یہ مجھ کو ناتجربہ کارکہتے ہیں جس کو ادارے بنانے کا تجربہ ہوگا وہ ہی ملک بچاسکتا ہے انھوں نے تو ایک ایک کرکے تمام بڑے ادارے تباہ کردیے ہیں۔عوام کو اب مزید پاگل نہیں بنایا جاسکتا، پیپلزپارٹی کب تک بھٹو کے خون کو بیچتی رہے گی پیپلزپارٹی پر بہت برا وقت آنے والا ہے ۔

میاں نوازشریف تو لائیو انٹرویو سے ڈرتے ہیں وہ مناظرہ کیا کریں گے ، مانتاہوں کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں ہم بھی انسان ہیں فرشتہ تو نہیں لیکن پھر بھی ہم نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ ہم بہتر لوگوں کو سامنے لائیں اگر دونمبر لوگ منتخب ہوبھی گئے تو ڈرائی کلین ہوکر صاف ہوجائیں گے یا پھر پارٹی تبدیل کرجائیں گے۔